کجریوال اور بی جے پی کی لڑائی، ناکامی سے توجہ ہٹانے کی سازش؛ کانگریس کا الزام
نئی دہلی، 7؍جون (ایس او نیوز؍ایجنسی) دہلی پردیش کانگریس نے وزیر اعلی اروند کجریوال اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان کریڈٹ لینے کے لئے گھر گھر راشن پہنچانے کی اسکیم کے تنازعہ کو گندی سیاست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عوام کو گمراہ کرنے والی سوچی سمجھی سازش اور کورونا دور کی ناکامیوں کو چھپانے کی کوشش ہے۔
ریاستی کانگریس کے صدر چودھری انل کمار نے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی کی سربراہی میں متحدہ ترقی پسند اتحاد حکومت نے قانون بنا کر غریبوں کو فوڈ سیکورٹی کا حق دیا تھا ، لیکن بی جے پی اور کجریوال ان حقوق کو غریبوں تک پہنچانے کی جگہ کریڈٹ لینے کیلئے گندی سیاست کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کجریوال کو شراب مافیا کو فائدہ پہنچانا ہوتا ہے ، تو لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ بغیر کسی تنازع کے ، وہ ’گھر گھر شراب‘ کی فراہمی کی اسکیم پر اتفاق کرلیتے ہیں ، لیکن جب بات عام لوگوں کو راشن فراہم کرنے کی آتی ہے ، تو غریبوں کے لئے بنائی گئی ا سکیم پر گندی سیاست شروع کردی جاتی ہے۔
چودھری انل نے کہا کہ شیلا دیکشت حکومت کے دوران دہلی میں 31 لاکھ راشن کارڈ ہولڈر تھے اور اب یہ گھٹ کرصرف 17 لاکھ رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کجریوال کی سربراہی میں حکومت نے دہلی میں 463 راشن دکانوں کو بند کردیا ہے اور شراب کے 420 سے زیادہ ٹھیکے کھول دیئے گئے ہیں۔
انل نے کہا کہ اگر کیجریوال حکومت کا ارادہ لوگوں کو راشن فراہم کرنا تھا ، تو ریاستی سطح پر تقریبا 54 لاکھ فائدہ اٹھانے والے جن کے راشن کارڈ کی درخواست گذشتہ سات برسوں سے التوا میں پڑی ہوئی ہے ، انہیں ریاستی سطح پر اسکیم تیار کرکے راشن مہیا کیا جاسکتا تھا۔