کلبھوشن کیس میں تمام فیصلے پاکستانی قوانین کے مطابق ہوں گے:پاکستانی دفتر خارجہ

Source: S.O. News Service | Published on 14th November 2019, 6:58 PM | عالمی خبریں |

اسلام آباد،14نومبر(آئی این ایس انڈیا)پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ کلبھوشن کے معاملے پر کوئی ڈیل نہیں کی جارہی، عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا پاکستانی قوانین کی روشنی میں احترام ہوگا۔ کلبھوشن کے معاملے پر تمام فیصلے پاکستانی قوانین کے مطابق ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں مزید 2 کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا، کشمیر میں ہندوستانی غیر انسانی اقدامات کر رہا ہے۔دفتر خارجہ کی طرف سے عید میلاد النبی پر کشمیر میں اجتماعات پر پابندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ مقبوضہ وادی میں مساجدوں کو عید میلاد النبی پر بند کیا گیا۔ عالمی برادری کشمیر میں مذہبی حقوق کی پامالی کا نوٹس لیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بابری مسجد کا معاملہ او آئی سی کے ایجنڈے پر موجود ہے، او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں عندلیب عباس نے نمائندگی کی۔ سیکریٹری خارجہ پارلیمانی امور نے سائیڈ لائنز پر مختلف رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ بابری مسجد فیصلے کی مذمت کرتے ہیں، مسجد کو ساڑھے 400 برس مسلمان استعمال کرتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں بابری مسجد کے فیصلے کے بعد مساجد کو خطرات لاحق ہوگئے، ہم ہر فورم پر بابری مسجد کے معاملے کو اٹھاتے رہیں گے۔ ہندوستانی سپریم کورٹ کے فیصلے سے اقلیتیں غیر محفوظ ہوگئی ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کے معاملے پر کوئی ڈیل نہیں کی جارہی، آئی ایس پی آر کے مؤقف کی حمایت کرتے ہیں۔ ہندوستان کی کمر دیوار کے ساتھ لگ چکی ہے۔ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا پاکستانی قوانین کی روشنی میں احترام ہوگا۔ کلبھوشن معاملے پر تمام فیصلے پاکستانی قوانین کے مطابق ہوں گے۔

ایک نظر اس پر بھی