بنگلوروسمیت ریاست کرناٹک کے ساحلی علاقوں میں شدیدبارش کاامکان
بنگلورو،17؍مئی (ایس او نیوز)محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہاکہ سمندری طوفان 'ٹاوکتے' کے ساحلی کرناٹک سے ٹکرانے کے نتیجہ میں 20مئی تک کرناٹک میں بارش کاامکان ہے۔
'ٹاوکتے' کی وجہ سے ریاست کے ساحلی علاقوں اوراندرون علاقو ں میں شدیدبارش ہوسکتی ہے۔ساحلی علاقو ں میں زورداربارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ساحلی علاقوں کے اترکنڑا،دکشن کنڑاوراُڈپی اضلاع میں 16مئی کوریڈالرٹ کا اعلان کیاگیا۔اُڈپی ضلع کے بیندورمیں سب سے زیادہ بارش (24سی ایم)ریکارڈکی گئی ہے۔
اس کے علاوہ کوٹا،پتور،کنداپور،اُڈپی اوربھٹکل میں بارش ہوئی ہے۔ ہاسن،کوڈاگو،چکمگلور،دھارواڑ،بیلگاوی میں شدیدبارش کی پیش گوئی کی گئی ہے اوریہاں آرنج الرٹ جاری کیاگیاہے۔تمام مچھیروں کوسمندرکارخ نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔بنگلورومیں آئندہ 2دنوں تک زبردست بارش کاامکان ظاہرکیاگیاہے۔