چینائی میں گردابی طوفان مچونگ نے مچائی تباہی، پانچ ہلاک، اسکول اور دفاتر میں ۵ ڈسمبر کو بھی چھٹی کا اعلان؛ 144 ٹرینیں کینسل، 33فلائٹس کارُخ بینگلور کی طرف موڑدیا گیا
چینائی 4/ڈسمبر(ایس او نیوز) گردابی طوفان مچونگ Michaung نے شہر سمیت چینائی کے مضافاتی علاقوں میں بڑے پیمانے پرتباہی مچادی ہے جبکہ طوفان کے نتیجے میں شدید بارش بھی ہورہی ہے اور شہر سیلاب کی زد میں آگیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق موسلا دھار بارش سے پانچ لوگوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ملی ہے، پیر کو ہلاک ہونے والوں میں، دو افراد بجلی کا کرنٹ لگنے سے دم توڑ گئے، جب کہ ایک اورشخص اس وقت اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جب بسنت نگر علاقے میں اس پر ایک درخت گر گیا۔ مزید برآں، شہر کے مختلف علاقوں میں ہورہی شدید بارش سے ایک مکان منہدم ہو گیا۔ جس کی زد میں آنے سے دو افراد کی موت واقع ہو گئی۔
طوفان مچونگ کی وجہ سے تمل ناڈو کے کئی اضلاع میں زوردار بارش کے بعد متعدد گاڑیاں پانی میں بہنے کی وڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں، جبکہ کئی گھروں میں بھی پانی داخل ہوا ہے۔
رپورٹوں کے مطابق محکمہ موسمیات نے تمل ناڈو اور پڈوچیری میں شدید بارش، طوفان اور بجلی گرنے کا الرٹ پہلے ہی جاری کیا تھا۔ حکومت نے پرائیویٹ کمپنیوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے ملازمین کو گھروں سے ہی کام کرنے کی ہدایت دیں۔ اسی طرح شدید طوفانی بارش کو دیکھتے ہوئے منگل 5ڈسمبر کو بھی اسکولوں اور کالجوں سمیت سرکاری دفاتر میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے ۔
جنوبی ریاستوں میں ’مچونگ‘ طوفان کے خطرہ کو دیکھتے ہوئے کئی احتیاطی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔بالخصوص پڈوچیری اور آندھرا پردیش کے ساحلی اضلاع میں اسکولوں کو بند رکھنے کی پہلے ہی ہدایت دی جاچکی ہے۔ علاوہ ازیں جنوبی سنٹرل ریلوے نے 144 ٹرینیں کینسل کر دی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ گردابی طوفان ’مچونگ‘ کا یہ نام میانمار نے دیا ہے۔ اس کا انگریزی میں تلفظ ’مگزوم‘ ہوتا ہے۔ اس لفظ کے معنی لچیلاپن اور طاقت کے ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق خلیج بنگال کے اوپر تیار ہوا کے کم دباو کا علاقہ اتوار کو گردابی طوفان ’مچونگ‘ میں تبدیل ہو گیا۔ یہ شمال کی جانب بڑھے گا اور جنوبی آندھرا پردیش کے ساحل کے یکساں آگے بڑھتے ہوئے 5 دسمبر کو نیلور اور مچھلی پٹنم کے درمیان جنوبی آندھرا پردیش ساحل کو پار کرے گا۔ اس گردابی طوفان کی وجہ سے 90-80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے لے کر 110 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی رفتار سے ہوا چلے گی۔
33فلائٹس کا رخ چینائی سے بنگلورو ایرپورٹ کی طرف : طوفان مچونگ کے اثر کی وجہ سے تمل ناڈو کے دارالحکومت چینائی اور قریبی اضلاع میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے چنانچہ چینائی سے 33 فلائٹوں کا رخ کیمپے گوڑا انٹرنیشنل ایرپورٹ (کے آئی اے) بنگلور کی طرف موڑدیا گیا ہے۔ کے آئی اے کا انتظام چلانے والی بنگلورو انٹرنیشنل ایرپورٹ لمیٹیڈ (بی آئی اے ایل) کے عہدیداروں کے مطابق گھریلو اور بین الاقوامی دونوں فلائٹس کا رخ چینائی سے بنگلور موڑدیا گیا ہے۔ ان فلائٹس میں انڈیگو، اسپائس جیٹ، اتحاد، لفتھانسا اور گلف ایئر کی فلائٹس شامل ہیں۔ رپورٹوں کے مطابق موسم سازگار نہ ہونے کی وجہ سے چینائی ایرپورٹ پیر کو رات11بجے تک آمد و رفت کے لیے بند بھی کردیا گیا ہے