مینگلور ائرپورٹ سے27 لاکھ مالیت کا سونا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، کسٹم حکام نے کیا ضبط
مینگلور 23 اکتوبر (ایس او نیوز) مینگلور کے بجپے انٹرنیشنل ائرپورٹ پر کسٹم حکام سونا اسمگل کرنے کی کوشش کتنی بھی ناکام بنادے اور وقفے وقفے سے لاکھوں مالیت کا سونا ضبط کرے، مگر گلف سے سونا اسمگل کرنے کی کوشش بند ہوتی نظر نہیں آرہی ہے۔ مسافر سونے کو الگ الگ طریقوں سے اسمگل کرنے کی کوشش کرتے ہیں مگر کسٹم حکام کی نگاہوں میں آہی جاتے ہیں، پکڑے جانے کی صورت میں ایک طرف سونا ضبط ہوتا ہے وہیں دوسری طرف مسافر کو کسٹم کی حراست سے باہر آنے کے بعد کافی عرصہ تک عدالت کے چکر بھی کاٹنے پڑتے ہیں۔
سونا اسمگل کرنے کی کوشش کی تازہ واردات جمعہ کو پیش آئی جب ایک مسافر جس کی شناخت محمد اشرف کی حیثیت سے کی گئی ہے نے 24 کیرٹ سونا کو پاوڈر کی شکل میں اپنے بدن میں چھپا کر اسمگل کرنے کی کوشش کررہا تھا، جسے حکام نے پکڑ لیا۔ کسٹم حکام کی دی گئی رپورٹ کے مطابق 531.390 گرام سونا کی مالیت 27,36,659 روپئے لگائی گئی ہے۔
کسٹم حکام نے سونا ضبط کرتے ہوئے اشرف کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ حکام کے مطابق اشرف ائیرانڈیا ایکسپریس پر دبئی سے مینگلور آیا تھا۔