رائے پور،9؍اپریل(ایس او نیوز؍ایجنسی) سی آر پی ایف کے اغوا کئے گئے جوان راکیشور سنگھ منہاس کو نکسلیوں نے آزاد کر دیا ہے۔ انہیں رائے پور لانے کیلئے ہیلی کاپٹر بھیجا گیا ہے۔ راکیشور سنگھ منہاس سی آر پی ایف کی کوبرا بٹالین کے کمانڈو ہیں اور 3 ؍اپریل کو چھتیس گڑھ کے بیجاپور میں ایک تصادم کے دوران انہیں اغوا کیا گیا تھا۔ ’ٹائمز ناؤ‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ صاف نہیں ہے کہ نکسلیوں کا انتظامیہ سے کوئی معاہدہ ہوا ہے یا پھر دباؤ بڑھنے کے وجہ سے آزاد کیا گیا ہے۔
راکیشور منہاس چھتیس گڑھ کے نکسل متاثرہ علاقہ سکما اور بیجاپور ضلع کے سرحدی علاقہ میں گزشتہ دنوں ہونے والے ایک تصادم کے بعد سے لاپتہ تھے۔ اس تصادم میں کئی الگ الگ فورسز کے کل 22 جوان شہید ہوئے تھے۔ بدھ کے روز مقامی صحافیوں کو راکیشور سنگھ کی تصویر حاصل ہوئی تھی۔ صحافیوں کا دعویٰ تھا کہ اس تصویر کو نکسلیوں نے بھیجا ہے اور انہیں اغوا کر لیا گیا تھا۔
سی آر پی ایف جوان کی جو تصویر سوشیل میڈیا پر گردش کر رہی ہے اس میں کوئی ماؤ نواز نظر نہیں آ رہا ہے اور جوان ایک چھونپڑی نما جگہ بیٹھے ہوئے کسی سے بات کرنے میں مشغول ہیں۔ نکسلیوں کی جانب سے مبینہ طور پر جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ حکومت پہلے ثالثیوں کے ناموں کا اعلان کرے، انہیں شرائط بتائی جائیں گی،جن پر عمل کرنے کے بعد ہی جوان کو آزاد کیا جائے گا، اس وقت تک جوان محفوظ رہے گا۔