کرونا وائرس :سعودی عرب میں 24 گھنٹے میں 10 اموات ، 2691 نئے کیسوں کی تصدیق

Source: S.O. News Service | Published on 21st May 2020, 1:57 PM | خلیجی خبریں |

ریاض،21؍مئی(ایس او نیوز؍ایجنسی) سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے مرض میں مبتلا 10 افراد وفات پاگئے ہیں اور 2691 نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے بتایا ہے کہ مملکت میں کرونا وائرس کے تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد 62545 ہوگئی ہے اور اب تک اس مہلک وائرس سے 339 افراد کی وفات ہوچکی ہے۔

سعودی عرب نے کرونا وائرس کا شکار افراد کی بروقت تشخیص کے لیے ٹیسٹوں کا دائرہ کار بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔گذشتہ 24 گھنٹے میں 18094 نئے ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور ان میں سے مذکورہ کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔وزارت صحت کے مطابق اب تک مملکت میں 636178 افراد کے کرونا کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔

مملکت میں روزانہ ٹیسٹوں کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے کیسوں کی تعداد بڑھ رہی ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ روزانہ صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور مزید 1844 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔اب تک سعودی عرب میں کرونا وائرس کا شکار 33478 افراد تن درست ہوچکے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مملکت میں کرونا وائرس کے پھیلنے کے رجحان سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہاں یہ کم جارحانہ ہے لیکن اس کی ایک اور وجہ بھی ہے اور وہ یہ کہ حکومت کی سخت احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کی وجہ سے لوگوں نے اپنی عادات تبدیل کی ہیں جس کی وجہ سے مغربی ممالک کی طرح سعودی عرب میں تیز رفتاری سے یہ مہلک وائرس نہیں پھیلا ہے۔

خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی) کے رکن چھے ممالک میں سعودی عرب میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔تاہم وہ کونسل کے دوسرے ممالک کے مقابلے میں آبادی اور رقبے کے اعتبار سے بڑا ملک ہے اور اس بنا پر اس کے ہاں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بھی زیادہ ہے۔

سعودی عرب نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے سخت احتیاطی تدابیر اور انتظامی اقدامات کیے ہیں۔اس نے چھوٹے بڑے شہروں میں کرفیو نافذ کردیا تھا۔تاہم رمضان کے آغاز سے قبل اس کرفیو اور لاک ڈاؤن کی پابندیوں میں نرمی کردی گئی ہے۔سعودی وزارت داخلہ نے گذشتہ ہفتے پانچ سے زیادہ افراد کے اجتماع پر پابندی عاید کردی تھی اور 23 سے 27 مئی تک عیدالفطر کی تعطیلات کے موقع پر مکمل لاک ڈاؤن اور کرفیو کا اعلان کیا تھا۔

ایک نظر اس پر بھی

تہوار کے موسم میں گلف - منگلورو ہوائی کرایہ آسمان چھو گیا - دبئی سے منگلورو ایک طرفہ کرایہ ہوگیا 70 ہزار روپے !

موسم گرما کی چھٹیاں ، ایسٹر، یوگادی اور عید کے تہواروں کا موسم قریب آتے ہی دبئ سے منگلورو تک کا ہوائی کرایہ آسمان کو چھونے لگا ہے جس کی وجہ سے  جو ایک طرفہ کرایہ زیادہ سے زیادہ 30 ہزارو روپے تک چل رہا تھا اب بڑھ کر 70 ہزار روپوں کے نشان تک پہنچ گیا ہے ۔    

سعودی عربیہ میں المناک سڑک حادثہ؛ منگلورکے ایک ہی خاندان کے چار لوگوں کی موت

ریاض کے مضافاتی علاقہ زُلفیٰ میں پیش آئے ایک المناک کار حادثے میں مینگلورو کے ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہوگئے، جن میں 3 ماہ کا بچہ بھی شامل ہے۔ حادثہ بدھ کی شب کو اُس وقت پیش آیا جب یہ لوگ عمرہ  کے لیے قطر سے مدینہ منورہ (سعودی عرب) جا رہے تھے۔ 

بھٹکل مسلم جماعت دبئی کے لیے نئے عہدیداران کا انتخاب: شہریار خطیب صدر اور جیلانی محتشم بنے جنرل سکریٹری

جماعت کے سرگرم رکن جناب شہریار خطیب گلف کی بھٹکلی جماعتوں میں سب سے زیادہ مضبوط اور سرگرم سمجھی جانے والی بھٹکل مسلم جماعت کے صدرمنتخب ہوگئے ، جبکہ جناب جیلانی محتشم جنرل سکریٹری کے عہدہ پر فائز ہوگئے ہیں۔ نائب صدر کے عہدہ پر عمران خطیب، سکریٹری اول کے طور پرعبدالوسیع خلیفہ، ...

سعودی عربیہ میں چاند نظر آگیا؛ سعودی سمیت عرب امارات، بحرین اور دیگر گلف ممالک میں رمضان کا اعلان؛ عمان میں ایک دن بعد یعنی منگل کو ہوگا پہلا روزہ

سعودی عربیہ میں آج اتوار شام کو چاند نظر آنے کے بعد سعودی عربیہ سمیت  متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین اور کویت  میں    رمضان کا اعلان کیا گیا ہے۔البتہ مسقط میں رویت ہلال ثابت نہیں ہوا، اس لئے وہاں رمضان کا اعلان نہیں ہوا ہے۔

دبئی سمیت عمان میں بھی گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش

  دبئی سمیت متحدہ عرب امارات کی مختلف شہروں  میں موسلا دھار بارش  ہونے سے کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق  ہفتہ کی صبح  دبئی ،ابو ظبی، فجیرا اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ دبئی کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش کے ...

سعودی عرب کے ریاض میں دنیا کا بلند ترین ٹاور تعمیر ہوگا

الریاض میں دنیا کا بلند ترین ٹاور تعمیر ہوگا جس کی اونچائی دو کلو میٹر ہو گی۔سبق ویب سائٹ کے مطابق ’architects journal‘ نے کہا ہے کہ برطانوی کمپنی ریاض میں تعمیر ہونے والے بلند ترین ٹاور کا ڈیزائن تیار کر رہی ہے۔توقع کی جارہی ہے کہ ریاض میں تعمیر ہونے والا ٹاور برج خلیفہ سے بلند ہوگا ...