کرناٹک میں چار دیواری میں منعقد ہونے والی تقریبات پر پابندی، آؤٹ ڈور ہونے والی سرگرمیو ں پر زیادہ پابندی نہیں:وزیراعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا
بنگلورو،18؍مارچ (ایس او نیوز) دوسرے مرحلہ میں پھیلتے ہوئے کورونا وائرس کی وجہ سے کرناٹک یا ریاست کے کسی بھی حصہ میں لاک ڈاؤن یا کرفیو نافذ کرنے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے آج کہا کہ حکومت کسی بھی قسم کی اِنڈور سرگرمیاں جن میں شادی، سالگرہ اور دیگر تقریبات بھی شامل ہیں کو رگیولیٹ کرے گی۔ حالانکہ وزیراعلیٰ نے یہ وضاحت بھی کی کہ آؤٹ ڈور تقریبات پر زیادہ پابندیاں نہیں ہوں گی۔
وزیراعظم کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں شرکت کے فوری بعد میڈیا کو خطاب کرتے ہوئے ایڈی یورپا نے کہا کہ کووِڈ۔ 19 کے رہنما خطوط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اجتماع یا بھیڑ اکٹھا کرنے پر سختی سے کارروائی کی جائے گی۔جب ان سے پوچھا گیا کہ بڑے اجتماع یا بھیڑ اکٹھا ہونے سے آپ کی کیا مراد ہے؟ ریاست میں اسمبلی اور لوک سبھا کے لئے ضمنی انتخابات بھی تو ہیں؟
اس کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر زیادہ پابندیاں نہیں ہیں۔ ہماری زیادہ توجہ چار دیواری میں اکٹھا ہونے والی بھیڑ پر ہوگی، اس پر پابندی رہے گی۔ یعنی مقررہ تعداد سے زیادہ اکٹھا ہونے والی بھیڑ پر نظر رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ چار دیواری میں منعقد ہونے والی کوئی بھی تقریب جس میں کووِڈ رہنما خطوط کی خلاف ورزی ہو، جس میں مقررہ تعداد سے زیادہ شرکاء ہوں اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ایڈی یورپا نے بتایا کہ آؤٹ ڈور منعقد ہونے والی سرگرمیوں پر زیادہ پابندیاں نہیں ہوں گی لیکن ماسک پہننا لازمی ہوگا۔