ہبلی کے کورونا مریض کا کنکشن ضلع اُترکنڑا کے یلاپور سے مل گیا، ضلع میں تشویش کی لہر
بھٹکل 13/اپریل (ایس او نیوز) آج پیر ریاست کرناٹک کے مختلف علاقوں سے کورونا کے 15 نئے معاملات سامنے آئے ہیں جس میں تین کورونا کے مریضوں کا تعلق ہبلی۔دھارواڑ سے ہیں۔ ایسے میں خبر ملی ہے کہ ان تین میں سے ایک کورونا مریض کا رابطہ ضلع اُترکنڑا کے یلاپور سے جا ملا ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ہبلی دھارواڑ کے رہنے والے 37 سالہ شخص (مریض نمبر 236) کی یلاپور میں جوتوں کی دکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس سے پہلے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ہبلی کے مریض نمبر 194 کے یہ بھائی ہیں۔ انتظامیہ کو خبر ملی ہے کہ وہ ہبلی سے کئی بار یلاپور کا سفر کرچکا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ 23 مارچ کو اس شخص کی دکان یلاپور میں کھلی تھی اور وہ اسی دن ہبلی سے اپنی کار پر ڈرائیور کے ساتھ یلاپور آیا تھا، دوپہر کو وہ ایل آئی سی کے دفتر گیا پھر اسی رات وہ واپس ہبلی چلا گیا تھا، اگلے روز وہ ہبلی میں کئی لوگوں سے ملاتھا جس کی تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔
ہبلی۔دھارواڑ کے اس شخص میں کورونا کے اثرات پائے جانے سے ضلع اُترکنڑا بالخصوص یلاپور کے لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔