مینگلور: دکشن کنڑا میں منگل کو ایک ہی دن کورونا کے 79 معاملات؛ بدھ کو بھی آٹھ کی رپورٹ پوزیٹو
مینگلور17/جون (ایس او نیوز) ساحلی شہر اُڈپی میں گذشتہ روز ایک ہی دن سب سے زیادہ یعنی 204 کورونا کے معاملات سامنے آنے کے بعد کل منگل کو دکشن کنڑا میں ایک ہی دن ریاست میں سب سے زیادہ یعنی 79 معاملات سامنے آئے ہیں۔ خیال رہے کہ 22 مارچ کو مینگلور میں کوویڈ۔19 کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جب بھٹکل کے ایک نوجوان کو مینگلور ائرپورٹ سے ہی سیدھے وینلاک اسپتال لے جانے کے بعد اس کی رپورٹ کورونا پوزیٹو آئی تھی، اُس کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں کورونا پوزیٹو کے معاملات ایک ہی دن سامنے آئے ہیں۔
آج بھی دکشن کنڑا میں کوروناکے آٹھ معاملات سامنے آئے ہیں جس کے ساتھ ہی کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 378 ہوگئی ہے جس میں سے 145 لوگ مکمل طور پر صحت یاب ہوکر اسپتال سے ڈسچارج ہوچکے ہیں اور 225 کو وینلاک اسپتال کے کوویڈ۔19 بلاک میں داخل کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ دکشن کنڑا میں کورونا سے اب تک چھ لوگوں کی موت بھی ہوئی ہے۔
منگل کو جو 79 لوگوں کی رپورٹ ایک ہی دن پوزیٹو آئی تھی، پتہ چلا ہے کہ اُس میں سے 75 لوگ سعودی عربیہ سے لوٹ کر آئے تھے، تین دیگر ریاست سے آئے تھے جبکہ ایک پتور کے شخص کو انفلوئنزا ہونے کی بنا پر اسپتال میں ایڈمٹ کیا گیا تھا جس کی بھی رپورٹ کورونا پوزیٹو آئی۔ بتایا گیا ہے کہ یہ سبھی لوگ کورنٹائن میں تھے۔ 79 پوزیٹو آنے والوں میں چار حاملہ خواتین بھی ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ مریض نمبر 6282 اور 6283 کو آئی سی یو میں داخل کیا گیا ہے جن کی عمر بالترتیب 70 سال اور 50 سال ہے۔
ڈپٹی کمشنر سندھو روپیش نے بتایا کہ ضلع دکشن کنڑا سے جملہ 11,069 لوگوں کے نمونوں کی جانچ کی گئی تھی جس میں سے اب تک 11,017 نمونوں کی رپورٹ موصول ہوچکی ہے۔ خبر ہے کہ منگل کو 86 لوگوں کو ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔