بھٹکل لاک ڈاون: مرڈیشور سینٹر میں کورنٹائن لوگوں کو مل گئی چھٹی، بنگلوراور میسورکے بعد ضلع اُترکنڑا بھی ریڈ زون میں شامل؛ سخت نگرانی رکھے جانے کےاحکامات

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 2nd April 2020, 12:22 AM | ساحلی خبریں |

بھٹکل یکم اپریل (ایس او نیوز) بھٹکل میں 9 دنوں سے مکمل لاک ڈاون چل رہا ہے،  لوگوں اور سواریوں کی چہل پہل مکمل طور پر بند ہے، ہر طرف سناٹا اور خاموشی چھائی ہوئی ہے.ایسے میں گلی محلوں اور اندرونی علاقوں پر بھی سخت نگرانی رکھنے  ڈرون کیمروں کا بھی استعمال کیا جارہا ہے۔ بالجملہ بھٹکل سے کورونا وائرس کا جڑ سے خاتمہ کرنے ضلعی انتظامیہ  مکمل طور پر کمربستہ ہے۔

ضلع اُترکنڑا میں چونکہ کورونا   متاثرین کی  تعداد بڑھ کر آٹھ ہوگئی ہے اور کئی ایک لوگوں کا کورنٹائن بھی کیا گیا ہے اس بنا پر ریاست کے  ریڈ  زون   اضلاع میں شمالی کینرا بھی شامل کردیا گیا  ہے۔

ریڈ زون اضلاع میں شمالی کینرا:   نیشنل سینٹر فور ڈیسیس کنٹرول (NCDC) نے ملک کے دیگر شہروں کی طرح   ریاست کرناٹک کے صدر مقام بنگلور کو   کورونا کا مرکز قرار دیا ہے جہاں اب تک کورونا کے 45 پوزیٹیو مریضوں کی نشاندہی کی گئی ہے، اسی طرح ریاستی حکومت نے   کورونا کے بڑھتے معاملات پر نظر رکھتے ہوئے  ریاست کے  میسور،  اُترکنڑا،  دکشن کنڑا اور چکبالاپور ضلعوں کو ریڈ زون میں  شامل کردیا ہے۔ ان اضلاع سے بالترتیب  14, 8, 8 اور 9 کورونا سے  متاثرہ مریض پائے گئے ہیں۔

 میڈیکل ایجوکیشن منسٹر کے سدھاکر نے  بتایا کہ  جن اضلاع کو ریڈ زون میں شامل کیا گیا ہے وہاں لاک ڈاون میں  کچھ زیادہ ہی سختی برتی جارہی ہے۔  وہاں صرف ڈور ٹو ڈور بیداری مہم ہی نہیں بلکہ مشتبہ لوگوں کو کورنٹائن کرانے کےساتھ ساتھ  اُن کے رابطے میں کون کون لوگ ہیں اُن پر بھی نگرانی رکھی جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا  کہ  ان اضلاع میں لاک ڈاون پر بھی سختی برتی جارہی ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ لوگ گھروں سے بالکل  باہر نہ نکلیں اور مکمل  گھروں میں ہی بند رہیں۔میڈیکل ایجوکیشن منسٹر کے مطابق  ضلع اُترکنڑا  کو حساس زون میں رکھا گیا ہے جس کے  حدود میں آنے والے بھٹکل  کی سخت نگرانی  رکھی جارہی ہے جہاں اب تک آٹھ  لوگوں کی رپورٹ پوزیٹیو آئی ہے اور اس میں زیادہ تر لوگ دبئی سے آئے ہوئے ہیں۔ان کے مطابق  مینگلور پر بھی کڑی نگرانی رکھی جارہی ہے اور یہاں بھی لاک ڈاون پر سختی برتی جارہی ہے کیونکہ یہ شہر کیرالہ کے کاسرکوڈ سے لگاہوا ہے اور کیرالہ میں کئی کورونا کے مریض پائے گئے ہیں۔

14دنوں تک کورنٹائن کے بعد آٹھ لوگوں کو دی گئی  چھٹی: مرڈیشور کورنٹائن سینٹر میں  جن آٹھ لوگوں کو کورنٹائن کے لئے داخل کیا گیا تھا، آج 14 دن مکمل ہونے کے بعد  اُن سبھوں کو چھٹی دے دی گئی۔ خیال رہے کہ مینگلور ائرپورٹ پر 19 مارچ کو  بھٹکل کے شرالی کے جس نوجوان کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو آئی تھی یہ لوگ اُسی فلائٹ پر سوار تھے۔  آج 14 دنوں  بعد کسی میں بھی کرونا کے اثرات نہ پائے جانے کی وجہ سے سبھوں کو گھر جانے کی اجازت دی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ  مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل سمیت مرڈیشور جماعت نے ان سبھی کورنٹائن لوگوں کو اپنی جانب سے ہرممکن تعاون فراہم کرنے میں پیش پیش رہے تھے۔

کورونا سے متاثرہ تمام مریض  بالکل ٹھیک : کورونا سے متاثرہ تمام  چھ مریض جن کو کاروار کے پتنجلی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ان کی حالت بالکل ٹھیک ہے اس تعلق سے گفتگو کرتے ہوئے اُترکنڑا کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے بتایا کہ ہم کاروار کے تمام مریضوں کی صحت کو لے کر بالکل مطمئن ہیں اور اُن کی حالت بالکل بہتر ہے۔ یاد رہے کہ دو دیگر کورونا پوزیٹیو مریض بھٹکل سرکاری اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

مزید چار لوگ انجمن کورنٹائن سینٹر داخل:   19 مارچ کے بعد جو لوگ بیرون ممالک سے بھٹکل آئے ہیں، اُن سب کو  پہلے اپنے اپنے گھر پر ہی کورنٹائن  کرنے کی ہدایت دی گئی تھی، مگر بھٹکل میں کورونا پوزیٹیو کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے   اُنہیں اب بھٹکل انجمن کورنٹائن سینٹر میں الگ الگ کمروں میں رکھا گیا ہے۔ کل بعض فیملیس سمیت   کافی لوگوں کو گھروں سے نکال کر انجمن کورنٹائن سینٹر منتقل کیا گیا تھا، آج بھی چار پانچ لوگوں کو  اس سینٹر میں منتقل کیا  گیا ہے۔

دبئی میں بھی کورونا کے سات سے آٹھ معاملات: دبئی میں مقیم بھٹکل کے سات سے آٹھ لوگوں کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو آنے کی خبریں موصول ہورہی ہیں، ان باتوں میں کتنی صداقت ہے، اس کا پتہ نہیں لگایا جاسکا، مگر عوام کی زبانی یہ باتیں سنی جارہی ہیں کہ سات سے آٹھ بھٹکلی لوگ دبئی میں کورونا سے متاثرہ پائے گئے ہیں ۔ دبئی میں مقیم بعض بھٹکلی لوگوں نے بتایا   کہ ان میں بعض لوگ اسپتال میں ایڈمٹ ہیں تو بعض لوگ اپنے اپنے فلیٹ میں ہی  کورنٹائن میں ہیں۔  دبئی میں کورونا کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے  کئی ایک علاقوں کو بند کردیا گیا ہے جس میں الراس کا علاقہ بھی شامل ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پورے عرب امارات میں اب تک 664 کورونا کے مریض پائے گئے ہیں جبکہ کورونا سے چھ لوگوں کی موت بھی ہوئی ہے۔

 

ایک نظر اس پر بھی

اُڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر حادثہ - بائک سوار ہلاک

اڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر پیش آئی  بائک اور ٹرک کی ٹکر میں  بائک سوار کی موت واقع ہوگئی ۔     مہلوک شخص کی شناخت ہیرور کے رہائشی  کرشنا گانیگا  کی حیثیت سے کی گئی ہے جو کہ اُڈپی میونسپالٹی میں الیکٹریشین کے طور پر ملازم تھا ۔

بھٹکل، ہوناور، کمٹہ میں سنیچر کے دن بجلی منقطع رہے گی

ہیسکام کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ہوناور، مرڈیشور اور کمٹہ سب اسٹیشنس کے علاوہ مرڈیشور- ہوناور اور کمٹہ - سرسی 110 کے وی لائن میں میں مرمت ، دیکھ بھال،جمپس کو تبدیل کرنے کا کام رہنے کی وجہ سے مورخہ 20 اپریل بروز سنیچر صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک بھٹکل، ہوناور اور کمٹہ تعلقہ ...

اڈپی - چکمگلورو حلقے میں عمر رسیدہ افراد، معذورین نے اپنے گھر سے کی ووٹنگ

جسمانی طور پر معذوری اور عمر رسیدگی کی وجہ سے پولنگ اسٹیشن تک جا کر ووٹ ڈالنا ممکن نہ ہونے کی وجہ سے 1,407 معذورین اور 85 سال سے زیادہ عمر کے 4,512 افراد نے   کرنے کے بجائے اپنے گھر سے ہی ووٹنگ کی سہولت کا فائدہ اٹھایا ۔ 

بھٹکل میں کوآپریٹیو سوسائٹی سمیت دو مقامات پر چوری کی واردات

شہر کے رنگین کٹّے علاقے میں واقع ونائیک کو آپریٹیو سوسائٹی کے علاوہ دیہی پولیس تھانے کے حدود میں ایک دکان اور مرڈیشور بستی مکّی کے ایک سروس اسٹیشن میں سلسلہ وار چوری کی وارداتیں انجام دیتے ہوئے لاکھوں روپے نقدی لوٹی گئی ہے ۔