ضلع شمالی کینرا میں ووٹوں کی گنتی کے لئے تمام تیاریاں مکمل۔ دفعہ 144کے تحت امتناعی احکامات نافذ

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 22nd May 2019, 1:00 PM | ساحلی خبریں |

کاروار22/مئی (ایس او نیوز) ریاست کرناٹکا میں دوسرے مرحلے کی پولنگ کے دوران ضلع شمالی کینرا سیٹ کے لئے بھی 23اپریل کو انتخاب منعقد ہواتھا۔ اب ٹھیک ایک مہینے بعد23مئی کو کمٹہ کے ڈاکٹر اے وی بالیگا کالج میں ووٹوں کی گنتی شروع ہوجائے گی، جس کے لئے ضلع انتظامیہ نے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔  

 ملک میں سترہویں لوک سبھا کے لئے الیکشن کمیشن آف انڈیا نے مارچ کے مہینے سے 7مرحلوں پر مشتمل انتخابی سلسلہ شروع کیا تھا۔ ریاست کرناٹکا میں 18اور23مارچ کو دو مرحلوں میں انتخابات منعقد ہوئے تھے۔ ضلع شمالی کینرا کے پارلیمانی حلقے میں جملہ 8اسمبلی حلقے شامل ہیں۔ ان حلقوں میں پولنگ کی شرح: ہلیال 73.43%، کاروار 72.28%، کمٹہ 77.12%،بھٹکل 71.79%، سرسی 78.33%، یلاپور77.75%، خانہ پور 70.68% اور کتّور 72.33%تھی جبکہ پورے پارلیمانی حلقے کی مجموعی شرح 74.04%ریکارڈ کی گئی تھی۔

امیدوارجن کا نتیجہ آئے گا:  اس حلقے سے کانگریس اور جے ڈی ایس کے مشترکہ امیدوارآنند اسنوٹیکر، بی جے پی کے اننت کمار ہیگڈے، بہوجن سماج پارٹی کے سدھاکر کیر جوگلیکر،راشٹریہ سماج پارٹی کے ناگراج نائک، راشٹریہ جن سمبھاؤنا پارٹی کے ناگراج شیٹھ،بھارت بھومی پارٹی کے منجو ناتھ سداشیو، اُتم پرجاکیہ پارٹی کے سنیل پوارکے علاوہ آزاد امیدواروں کے طور پر انیتا شیٹھ، کندبائی گنپتی پورلیکر، چیدانند ہریجن، ناگراج اننت شیرالی، بال کرشنا پاٹل، محمد جبروت خطیب کے جملہ 13 امیدوار انتخابی میدان میں موجودتھے جو اب اپنے نتائج دیکھنے کا انتظارکررہے ہیں۔

انتخابی مرکز کا عملہ:    ضلع انتخابی آفیسر اور ضلع ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے ووٹوں کی گنتی کو بحسن و خوبی انجام دینے کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ڈی کلاس کے عملے کو چھوڑ کر کل 392افراد پر مشتمل عملے کو پوری طرح تربیت دی گئی ہے۔ ہر اسمبلی حلقے کے لئے 14ٹیبل مختص کیے گئے ہیں۔ اور ہر اسمبلی حلقے میں موجود ووٹرز کی تعداد کے پیش نظر 15سے19راؤنڈ تک ووٹوں کی گنتی ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ اب تک اس حلقے میں 2594ووٹ ڈاک سے موصول ہوئے ہیں۔

 گنتی مرکز کے اطراف امتناعی احکامات: ووٹوں کی گنتی کے مرکز میں چار مرحلوں والے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔گنتی مرکز سے 200 میٹرکے احاطے میں امتناعی احکامات نافذ کردئے گئے ہیں۔سوائے خصوصی اجازت والی موٹر گاڑیوں کے کسی بھی گاڑی کو گنتی مرکز میں داخلے کی اجازت نہیں رہے گی۔تمام گاڑیوں کو ہیگڈے سرکل کے پاس ہی روک دینا ہوگا۔اس سلسلے میں محکمہ پولیس کی ہدایات پر ہرایک کو سختی کے ساتھ عمل کرناہوگا اور جن گاڑیوں کو گنتی مرکز میں داخلے کی پاس پولیس نے جاری کی ہے اس کی نمائش ضروری ہوگی۔صرف امیدوار، سیاسی پارٹیوں کے ایجنٹ اور ووٹوں کی گنتی پر مامور عملے کے علاوہ کسی کو بھی گنتی مرکز کے اندرداخل ہونے کی اجازت نہیں رہے گی۔اور ان تمام افراد کے لئے بھی الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ داخلہ پاس اپنے ساتھ رکھنا لازمی ہوگا۔

 موبائل فون پر پابندی:   اس کے علاوہ ووٹوں کی گنتی مرکز میں داخل ہونے والے سینئر سرکاری افسران اور میڈیاکے نمائندوں کوچھوڑدوسرے کسی بھی شخص کو اپنا موبائل فون ساتھ میں اندر لے جانے کی بالکل اجازت نہیں دی جائے گی۔ ضلع ڈپٹی کمشنر نے تمام سیاسی پارٹیوں کے ساتھ میٹنگ منعقد کرکے اس ضمن میں ضروری معلومات اور ہدایات فراہم کی ہیں۔

پولیس بندوبست:    گنتی مرکز کے قریب پولیس کے حفاظتی بندوبست کا جو دستہ بنایاگیا ہے اس میں ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ، ایڈیشنل ایس پی، 3 ڈی وائی ایس پی، 10سرکل پولیس انسپکٹرز، 19پی ایس آئی، 29اے ایس آئی، 60پولیس اہلکار، 2کے ایس آر پی کی ٹکڑیاں، 6ڈی اے آر کی ٹکڑیاں اور 3سی اے پی ایف کی ٹکڑیاں شامل ہیں۔

ضلع میں امتناعی احکامات:    اس کے علاوہ ضلع شمالی کینرا فرقہ وارانہ طور پر حساس علاقہ ہونے کی وجہ سے ضلع ڈی سی کی جانب سے 22مئی کی نصف شب سے 24مئی کی نصف شب تک ضلع بھر میں دفعہ 144کے تحت امتناعی احکامات نافذ کیے گئے ہیں۔ساتھ ہی 23مئی کی صبح 6بجے سے 24مئی کی صبح 6بجے تک شراب تیار کرنے یا اسے فروخت کرنے پر پابندی لگادی گئی ہے۔
 

ایک نظر اس پر بھی

منڈگوڈ میں ڈاکٹر انجلی نمبالکر  نے کہا : وزیر اعظم صرف من کی بات کرتے ہیں اور جن کی بات بھول جاتے ہیں  

لوک سبھا کے لئے کانگریسی امیدوار ڈاکٹر انجلی نمبالکر نے منڈگوڈ کے ملگی نامی علاقے میں انتخابی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دس برسوں میں وزیر اعظم نریندرا مودی نے صرف من کی بات کی ہے اور انہیں کبھی جن کی بات یاد نہیں آئی ۔

اُتر کنڑا میں چڑھ رہا ہے سیاسی پارہ - پرچار کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی اور کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدا رامیا کریں گے ضلع کا دورہ

لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے اُتر کنڑا میں سیاسی پارہ پوری قوت سے اوپر کی طرف بڑھ رہا ہے کیونکہ اپنے اپنے امیدواروں کے پرچار کے لئے وزیر اعظم نریندرا مودی اور وزیر اعلیٰ سدا رامیا کے دورے طے ہوئے ہیں ۔

اُتر کنڑا میں آج سے 30 اپریل تک چلے گی عمر رسیدہ، معذور افراد کے لئے گھر سے ووٹ دینے کی سہولت

ضلع ڈپٹی کمشنر گنگو بائی مانکر کی طرف سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے معذورین اور 85 سال سے زائد عمر والوں کے لئے گھر سے ووٹ دینے کی جو سہولت فراہم کی گئی ہے، اتر کنڑا میں آج سے اس کی آغاز ہو گیا ہے اور 30 اپریل تک یہ کارروائی چلے گی ۔

انجمن گرلز کے ساتھ انجمن بوائز کی سکینڈ پی یو میں شاندار کامیابی پر جدہ جماعت نے کی ستائش؛ دونوں پرنسپالوں کوفی کس پچاس ہزار روپئے انعام

انجمن گرلز پی یو کالج کے ساتھ ساتھ انجمن بوائز پی یو کالج کے سکینڈ پی یو سی میں قریب97  فیصد نتائج آنے پربھٹکل کمیونٹی جدہ نے دونوں کالجوں کے پرنسپال اور اساتذہ کی نہ صرف ستائش اور تہنیت کرتے ہوئے سپاس نامہ پیش کیا، بلکہ ہمت افزئی کے طور پر دونوں کالجوں کے پرنسپالوں کو فی کس ...