بھٹکل میں غیر ممالک سے آئے ہوئے بھٹکل کے تمام شہریوں کا کورنٹائن کرنے ضلعی انتظامیہ کا فیصلہ؛ ضلع انچارج وزیر نے کی ضلعی انتظامیہ کےساتھ میٹنگ

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 29th March 2020, 6:34 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 29/مارچ (ایس اونیوز) بھٹکل میں کورونا وائرس معاملات میں دن بدن اضافہ کو دیکھتے ہوئے  ضلعی انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اس ماہ کے 15مارچ  کے بعد جو بھی لوگ غیر ممالک سے واپس بھٹکل پہنچے ہیں ، اُن سبھوں کو دوسری جگہ منتقل کرکے ان کو الگ تھلگ  ( کورنٹائن) میں رکھا جائے۔اس بات کی اطلاع اُترکنڑا کےڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے دی۔ کاروار میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ  غیر ممالک سے واپس بھٹکل پہنچے ہوئے لوگوں کو کورنٹائن کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں تاکہ یہ لوگ اپنی فیملی کے رابطے میں بھی نہ رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ لوگوں سے  ابتدائی  رابطے میں  رہنے والے  تمام لوگوں کو باقاعدہ  سرکاری کورنٹائن سینٹر میں رکھا گیا ہے۔ لیکن جو لوگ غیر ممالک سے آئے ہیں  اور جن کی جانچ نہیں کی گئی ہے، اُن تمام کو اب سرکاری  طور پر الگ تھلگ رکھنے کا منصوبہ بنایا  گیا ہے تاکہ کوویڈ۔19 وبا کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے۔

خیال رہے کہ بھٹکل میں ایک ہی خاندان کے چار لوگوں میں کورونا وائرس کے اثرات پائے جانے کےبعد  شہر میں خطرے کا الارم بج چکا  ہے، اس بات کی جانکاری نہیں ملی ہے کہ  جن تین لوگوں کی  رپورٹ سنیچر کو پوزیٹیو آئی ہے، وہ لوگ مزید کن کن کے رابطے میں تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ سنیچر شام کو جس نوجوان کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو  آئی تھی اُس کے تعلق سے بھی معلوم ہوا ہے کہ وہ نوجوان مینگلور ائرپورٹ سے دبئی سے آئے ہوئے ایک شخص کو لے کر بھٹکل اُس کے گھر چھوڑنے گیا تھا، دبئی سے لوٹے شخص نے کچھ گھنٹے اپنے گھروالوں کے ساتھ بتانے کے بعد  سرکاری اسپتال پہنچ کر کورنٹائن ہوگیا تھا جس کی رپورٹ اگلے دن پوزیٹیو آئی تھی، متعلقہ شخص کی رپورٹ پوزیٹیو موصول ہوتے ہی  کار ڈرائیور  بھی گھر میں ہی کورنٹائن میں چلا گیا تھا، لیکن حیرت انگیز طور پر کار ڈرائیور کی رپورٹ بھی سنیچر  شام کو پوزیٹیو میں آگئی۔اس بات کی اطلاع نہیں مل سکی کہ ڈرائیور کورنٹائن میں جانے سے پہلے کتنے لوگوں کے رابطے میں آیا تھا۔

میڈیکل ٹیموں کا گھر گھر دورہ:   ضلع اُترکنڑا کے بھٹکل سے کورونا کے 7 معاملات سامنے آنے کے بعد ایک طرف شہر بھر کے حالات ابتر ہوچکے ہیں، وہیں انتظامیہ بھی سخت تشویش میں مبتلا ہے،  انتظامیہ اپنی جانب سے پورا زور لگارہی ہے کہ  لوگ اپنے اپنے گھروں میں ہی بند رہیں  تاکہ کورونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے۔

ضلع بھر میں لاک ڈاون ہونے کے بعدضلعی انتظامیہ نے آج اتوار صبح سے ضلع بھر میں میڈیکل ٹیموں کو گھر گھر روانہ کرکے بیمار لوگوں کا پتہ لگانے کی مہم شروع کردی ہے۔ بھٹکل کے ساتھ ساتھ اب اُترکنڑا کے دیگر تعلقہ جات میں بھی گھر گھر پہنچ کر میڈیکل ٹیمیں  کورونا وائرس کے تعلق سے معلومات حاصل کررہی ہیں۔

بھٹکل میں کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے ضلع انچارج وزیر کا کاروار دورہ: ضلع اُترکنڑا کے بھٹکل میں  کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں میں روز بروز  اضافہ کو دیکھتے ہوئے آج اتوار کو ضلع انچارج وزیر ششی کلا جولّے نے کاروار پہنچ کر ڈپٹی  کمشنر سمیت دیگر افسران کے ساتھ میٹنگ کی اور حالات کی سنگینی پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے  ضلع انتظامیہ کے ساتھ میٹنگ میں  حالات سے اگاہی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ،  کورونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جو اقدامات کئے جارہے ہیں اُس کی تفصیلات حاصل کیں۔ بعد میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کی جانے والی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ دیگر اضلاع کے مقابلے میں ضلع اُترکنڑا میں کورونا کے  معاملات کم ہیں اوریہاں حالات قابو میں ہیں۔ خیال رہے کہ ضلع انچارج وزیر نے ڈی سی دفتر سے بھٹکل کے آفسران کے ساتھ بھی وڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ضروری جانکاری حاصل کیں۔

ایک نظر اس پر بھی

منگلورو سائی مندر کے پاس بی جے پی کی تشہیر - بھکتوں نے جتایا اعتراض

منگلورو کے اوروا میں چیلمبی سائی مندر کے پاس رام نومی کے موقع پر جب بی جے پی والوں نے پارلیمانی انتخاب کی تشہیر شروع کی تو وہاں پر موجود سیکڑوں بھکتوں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی جس کے بعد بی جے پی اور کانگریسی کارکنان کے علاوہ عام بھکتوں کے درمیان زبانی جھڑپ ہوئی