متحدہ عرب امارات میں کورونا کے 747 نئے معاملے، کل 21831 متاثرین، عمان میں کورونا کے 284 نئے کیس
دبئی؍مسقط،16؍مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی) متحدہ عرب امارات میں جمعہ کو کورونا وائرس (کووڈ -19) انفیکشن کے 747 نئے معاملے سامنے آنے کے بعد ملک میں کل متاثرین کی تعداد بڑھ کر 21831 ہو گئی ہے۔ یو اے ای کی صحت اور بیماریوں کے کنٹرول کی وزارت نے ایک بیان جاری کرکے کہا کہ نئے معاملات بیرون ملک سے آئے لوگوں کے ہیں اور ان سب کی حالت مستحکم ہے اور ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔
دریں اثنا کورونا سے متاثر 398 مریضوں کو بالکل ٹھیک ہونے کے بعد ہسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔ وزارت کے مطابق ملک میں اب تک 7328 لوگ مکمل طور پر اس کے انفیکشن سے ٹھیک ہو چکے ہیں۔ اس دوران کووڈ -19 سے دو اور لوگوں کی موت ہونے سے ملک میں اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 210 تک پہنچ گئی ہے۔ یو اے ای پہلا ایسا خلیجی ملک ہے جہاں کورونا کے معاملے سامنے آئے تھے۔
وہیں، عمان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ - 19) کے 284 نئے کیسز سامنے آ نے کے ساتھ ہی متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4،625 تک پہنچ گئی ہے ۔عمان کی وزارت صحت نے جمعہ کے روز ایک بیان جاری کر کے یہ اطلاع فراہم کی۔ بیان کے مطابق کورونا کے نئے کیسز میں 80 عمان کے شہری ہیں۔ کورونا وائرس کے نئے کیسز کمیونٹی ٹرانسمشن کے ہیں ۔ اس دوران کورونا کے 47 مریضوں کو مکمل صحت یاب ہونے کے بعد اسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے ، جس سے اس وبا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1350 ہوگئی ہے۔ عمان میں کورونا وائرس سے دو مزید افراد کے ہلاک ہونے سے ہلاک شدگان کی تعداد 20 ہوگئی ۔وزارت صحت نے لوگوں سے قرنطینہ کے ضابطوں پر عمل کرنے ، صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھنے اور عوامی مقامات پر نماز ادا نہ کرنے اپیل کی ہے۔