مہاراشٹر میں مریضوں کی تعداد 10؍ ہزار سے تجاوز
ممبئی،یکم مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی) مہاراشٹر میں جمعرات کو583؍ نئے مریضوں کی تصدیق کے بعد کورونا وائرس ’کووِڈ-19‘ سے متاثرہ افراد کی تعداد 10؍ ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ جس وقت یہ خبر لکھی جارہی ہے اس وقت مہاراشٹر میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 10؍ ہزار 490؍ ہوگئی ہے جس میں اکیلے ممبئی کے 7؍ ہزار 61؍ مریض ہیں۔
قومی منظر نامہ: قومی سطح پر بھی مریضوںکی تعداد میں اضافے کا سلسلہ دراز ہوتا جارہاہے۔ جمعرات کو قومی سطح پر مریضو ں کی تعداد 33؍ ہزار 600؍ ہوگئی ہے جبکہ کم وبیش 11؍ سو افراد اس مرض سے متاثر ہونے کے بعد ہلاک ہوچکےہیں۔ مرکزی وزارت داخلہ نے بہرحال حالات کو بہتر بتاتے ہوئے کہا ہے کہ کووِڈ-19؍ کے مریضوں کے صحت یاب ہونے کی شرح بھی بہتر ہوئی ہے۔ اب تک 2.25؍ فیصد افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ دو ہفتے پہلے تک یہ شرح محض 13؍ فیصد تھی۔
مہاراشٹر کی صورتحال: مہاراشٹر میں کورونا سے متاثر ہونےکے بعد جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 450؍ سے تجاوز کرگئی ہے۔ صرف ممبئی میں اب تک 290؍ اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔ دوسرے نمبر پر پونے ہےجہاں ایک ہزار379؍ مریض ہیں۔ان میں سے 80؍ کی موت ہوگئی ہے۔
مہاجر مزدوروں کی نقل مکانی کی تیاری: اس بیچ ریاستیں مہاجر مزدوروں کی نقل مکانی کی تیاریوں میں جٹ گئی ہیں۔ مرکز نے ہدایت جاری کی ہے کہ سفر کرنےوالوں کو حکومت کی جانب سے جاری رہنما خطوط کی سختی سے پابندی کرنی ہوگی۔