امریکی فضائیہ کے 7 اہلکاروں سمیت 49 امریکی فوجی کرونا وائرس کا شکار

Source: S.O. News Service | Published on 19th March 2020, 9:26 PM | عالمی خبریں |

واشنگٹن،19؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) امریکی وزارت دفاع ‘پینٹاگان’  کی جانب سے جاری کردہ  بیان میں واضح  کیا گیا ہے کہ امریکی  فضائیہ کے 7 اہلکاروں سمیت 49 امریکی فوجی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔

خیالرہے کہ ایک روز قبل یہ تعداد 36 تھی۔ مزید 13 فوجیوں کے کرونا کا شکار ہونے کی تصدیق پینٹا گان کی جانب سے  کی  گئی ہے۔

امریکی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ کرونا کا شکار ہونے والے فوجیوں  کو قرنطینہ منتقل کردیا گیا ہے۔

گذشتہ روز امریکی وزارت   دفاع کے اجلاس میں کرونا بحران کے دوران فضائی سروسز کے دوران فضائیہ کے عملےکی ضروریات، ان کے لیے ضروری طبی سامان کی فراہمی، ٹیموں کی نقل وحرکت اور دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا ۔

امریکی فضائیہ کے کمانڈر ڈیوڈ گولڈفن کا کہنا تھا کہ کرونا کی وجہ سے کچھ فوجی مشقیں ملتوی کی جا رہی ہیں۔

یہ بات امریکی فضائیہ کے چیف آف اسٹاف کی ایک پریس کانفرنس میں سامنے آئی جس میں امریکی فضائیہ کے کمانڈر نے بتایا تھا کہ امریکی فضائیہ کے ساتھ اہلکار بھی کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔

یہ اس وقت ہوا جب وزارت نے ایک بیان میں اعلان کیا تھا کہ فوجیوں کے علاوہ ، 14 سویلین ملازمین ، ان کے کنبوں کے 19 افراد اور 7 ٹھیکیدار کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔

امریکی  میڈیا کے مطابق امریکا میں کرونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 100 ہو گئی ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

ایک نظر اس پر بھی