بھٹکل میں کورونا دھماکہ - ایک ہی دن میں 50 معاملے آئے سامنے ۔ سینٹ تھامس اسکول کے 17 طلبہ پوزیٹیو ۔ کوٹیباگیل میں لگیں پابندیاں
بھٹکل ،17؍ جنوری (ایس او نیوز) کل اتوار کو ایک ہی دن 51 کووڈ پوزیٹیو معاملات کے ساتھ بھٹکل تعلقہ میں اچانک کورونا دھماکہ سامنے آیا ہے۔ جس کے بعد محکمہ صحت نے احتیاط اور چوکسی تیز کر دی ہے
شیرالی کے کوٹیباگیل میں واقع سینٹ تھامس اسکول کے 17 طلبہ کووڈ پوزیٹیو ثابت ہونے کے بعد محکمہ صحت، ریوینیواور پولیس نے اسکول پہنچ کر جائزہ لیا ۔ محکمہ تعلیمات کے بلاک ایجوکیشن آفیسر نے ڈی ڈی پی آئی کو رپورٹ بھیج دی جس کے بعد چھٹی کا اعلان کرتے ہوئے اسکول کو بند کرنے کی سفارش روانہ کی ہے۔ اس کے علاوہ ایک اور اسکول میں 5 سے زائد طلبہ کی رپورٹ پوزیٹیو نکلی ہے اور وہاں بھی طلبہ کو چھٹی دینے کے امکانات نظر آ رہے ہیں ۔
شیرالی کے کوٹیباگیل علاقے میں ایک نرس اور دیگر 4-5 افراد میں بھی کووڈ پوزیٹیو نکلنے کے بعد سینٹ تھامس اسکول کے اطراف 100 میٹر کے احاطہ میں احتیاطی پابندیاں لگاتے ہوئے چوکسی سخت کردی گئی ہے ۔ بھٹکل شہر میں انجمن اسکول کے تین اساتذہ کی کورونا جانچ رپورٹ بھی پوزیٹیو آئی ہے ، جبکہ ٹاون پولیس اسٹیشن کے ایک کانسٹیبل کی رپورٹ پوزیٹیو آئی ہے ۔ مذکورہ کانسٹیبل کے رابطہ میں آنے والے 4 پولیس اہلکاروں کو کوارنٹین میں بھیجا گیا ہے ۔
بھٹکل تعلقہ میں کورونا کے اعداد و شمار میں اچانک اضافہ کورونا پر قابو پانے میں مصروف سرکاری محکمہ جات بالخصوص محکمہ صحت کے لئے تشویش کا سبب بن گیا ہے ۔ اسی وجہ سے شہر میں احتیاطی تدابیر پر عمل پیرائی کے سلسلے میں سختی شروع ہوگئی ہے ۔