کانگریس کی بھارت بچاؤ ریلی اب 14 دسمبر کوہوگی
نئی دہلی19نومبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) کانگریس بے روزگاری، اقتصادی بحران اور زراعت بحران کے مسائل پر رام لیلا میدان میں اپنی مجوزہ ریلی 30 نومبر کی بجائے 14 دسمبر کو کرے گی۔پارٹی لیڈرگورو نے منگل کو صحافیوں کو بتایا کہ بڑے پیمانے پر تیاریوں کے پیش نظر بھارت بچاؤریلی کے پروگرام کو دو ہفتوں کے لیے آگے بڑھا دیا گیا ہے۔کانگریس کا کہنا ہے کہ وہ نریندر مودی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کو عوام کے سامنے بے نقاب کرنے کے مقصد سے اس ریلی کا انعقاد کر رہی ہے۔اہم اپوزیشن پارٹی کے ان مسائل کو لے کر پہلے ہی ضلع اور صوبہ کی سطح پر تحریک چلا رہی ہے اور اس کا اختتام دہلی کی ریلی سے ہوگا۔کانگریس نے پانچ نومبر سے 15 نومبر کے درمیان ملک کے مختلف حصوں میں تحریک کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی، اگرچہ ایودھیا کیس کا فیصلہ آنے کے پس منظر میں کچھ ریاستوں میں پارٹی نے اس پروگرام کو تھوڑا آگے بڑھا دیا ہے۔کانگریس صوبہ انچارج،ذمے داران،ریاستی کانگریس کمیٹی کے سربراہان اور پارٹی اراکین کے رہنماؤں کے اجلاس میں 30 نومبر کی ریلی کرنے کا فیصلہ ہواتھا۔ بہرحال، اب یہ ریلی 14 دسمبر کو ہوگی۔