کانگریس کی ہریانہ اسمبلی کی چوتھی فہرست میں پانچ نئے امیدوار شامل
چنڈی گڑھ، 12/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) ہریانہ اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں کانگریس نے اپنے امیدواروں کی چوتھی فہرست جاری کر دی ہے، جس میں کل پانچ امیدواروں کے نام شامل ہیں۔ اس فہرست میں انبالہ کینٹ سے پریمل پاری، پانی پت دیہی سے سچن کنڈو، نروانا (ایس سی) سے ستبیر ڈبلین، رانیا سے سرو میترا کمبوج، اور تیگاؤں سے روہت ناگر کو پارٹی نے امیدوار نامزد کیا ہے۔
یہ فہرست جاری ہونے سے چند گھنٹے پہلے کانگریس نے اپنی تیسری فہرست بھی جاری کی تھی، جس میں ریاستی اسمبلی کے امیدوار کے طور پر راجیہ سبھا کے رکن رندیپ سنگھ سرجے والا کے بیٹے آدتیہ سرجے والا کو کیتھل سے امیدوار بنایا گیا تھا۔
کانگریس نے ہریانہ کی 90 اسمبلی سیٹوں میں سے 86 پر اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے اور صرف چار امیدواروں کے ناموں کا اعلان ہونا باقی ہے۔ انتخابی عمل کے مطابق، نامزدگی کی آخری تاریخ جمعرات کو ہے۔ 5 اکتوبر کو ووٹنگ ہوگی اور 8 اکتوبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ کانگریس نے 2019 کے انتخابات میں ہارنے والے 12 سابقہ امیدواروں کو بھی ٹکٹ دیا ہے، جبکہ 34 نئے چہرے بھی میدان میں ہیں۔
حال ہی میں پارٹی میں شامل ہونے والے یوٹیوبر سرو میترا کمبوج پر کانگریس نے اعتماد ظاہر کیا ہے اور انہیں رانیا اسمبلی سیٹ سے امیدوار بنایا ہے۔ اس کے علاوہ، انبالہ سے لوک سبھا کے رکن ورون چوپڑا کی بیوی پوجا چوپڑا کو مُلانا سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ ملانا سیٹ ورون چوپڑا کے لوک سبھا انتخاب جیتنے کے بعد خالی ہوئی تھی۔
انبالہ کینٹ سے پارٹی نے سابقہ وزیر داخلہ انیل وج کے مقابلے پر پرمل پاری کو میدان میں اتارا ہے۔ 2019 کے انتخابات میں یہاں کانگریس نے وینو سنگلا کو ٹکٹ دیا تھا، جو بی جے پی کے انیل وج سے ہار گئے تھے۔