باغی اراکین اسمبلی کو الیکشن لڑنے کی اجازت، مخلوط حکومت گرانے کی سازش کیلئے یڈ یورپا حکومت برخاست کی جائے:کانگریس

Source: S.O. News Service | Published on 14th November 2019, 11:28 AM | ریاستی خبریں |

بنگلورو،14/نومبر(ایس او نیوز) سپریم کورٹ نے کرناٹک کے 17باغی اراکین اسمبلی کو نااہل قرار دئے جانے والے اس وقت کے اسپیکر کے فیصلہ کو آج جائز ٹھہرایا ہے لیکن انہیں اسمبلی کے ضمنی انتخابات لڑنے کی اجازت دے دی ہے - جسٹس این وی رمن کی صدارت والی تین رکنی بنچ نے باغی اراکین اسمبلی کی عرضیوں پر سماعت کرتے ہوئے کہاکہ حالانکہ اس وقت کے اسمبلی اسپیکر رمیش کمار کی طرف سے باغی اراکین اسمبلی کو نااہل قرار دئے جانے کا فیصلہ درست تھا -تاہم عدالت نے یہ واضح کیا کہ موجودہ اسمبلی کی پوری میعاد کے لئے نااہل قرار دینے کا اسپیکر کا فیصلہ درست نہیں تھا اس طرح عدالت عظمیٰ نے تمام 17 باغی اراکین اسمبلی کو اسمبلی کے ضمنی انتخابات لڑنے کی اجازت دے دی ہے - عدالت نے اس معاملہ پر 25 اکتوبرکو سماعت کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا جس کو آج عدالت میں سنایا گیا - سپریم کورٹ کے اس فیصلہ سے کانگریس کو ایک بڑا جھٹکا لگا ہے - آئندہ 5دسمبرکو ہونے والے ضمنی انتخابات میں کانگریس نے تمام 15 اسمبلی حلقوں میں پارٹی امیدوار کھڑے کرنے کی تیاری تقریباً مکمل کرلی تھی - اب باغی امیدوار بی جے پی کے ٹکٹ پر ان 15 حلقوں میں کھڑے ہونے سے کانگریس کے لئے یہ چناؤ آسان نہیں ہوگا- کیونکہ ان حلقوں کی نمائندگی باغی اراکین اسمبلی کررہے تھے - اس سے قبل بھی تملناڈو ہائی کورٹ نے ایسا ہی فیصلہ کیا تھا جب تملناڈو میں ششی کلا کے وفادار 18 اراکین اسمبلی ان سے بغاوت کرتے ہوئے دناکرن کے ساتھ وفاداری کرتے ہوئے پارٹی بدلی تو اسپیکر نے انہیں نااہل قرار دے دیا جس کے خلاف وہ تملناڈو ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے تھے اور ہائی کورٹ نے ان 18 باغی اراکین اسمبلی کو ضمنی چناؤ لڑنے کی اجازت دی تھی- اسی حوالہ سے آج سپریم کورٹ نے کرناٹک کے نااہل اراکین اسمبلی کو ضمنی انتخابات لڑنے کی اجازت دے دی ہے -

کانگریس کا مطالبہ:کرناٹک کے 17 باغی اراکین اسمبلی کو نااہل قرار دینے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلہ کو آج کانگریس نے درست ٹھہرایا اورعدالت کے اس فیصلہ کا خیرمقدم کیا ہے - کانگریس نے کہاکہ عدالت کے اس فیصلہ سے واضح ہوگیا ہے کہ بی جے پی نے کرناٹک میں کانگریس اور جے ڈی ایس کی منتخب حکومت کو آپریشن کنول کے ذریعہ گرایا تھا- اس لئے کرناٹک میں وزیر اعلیٰ بی ایس یڈ یورپا کی قیادت والی حکومت کو فوراً برخاست کیا جانا چاہئے- کانگریس میڈیا سیل کے انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہاکہ اس فیصلہ سے واضح ہوگیا ہے کہ کرناٹک میں بی جے پی نے مخلوط حکومت کو گراکر غیر آئینی طورپر حکومت سازی کی تھی - انہوں نے مزید کہا کہ قانون اور آئین کے نقطہئ نظر سے کرناٹک میں ایک غیرآئینی حکومت قائم ہے اور اسے فوراً برخاست کیا جاناچاہئے- کرناٹک کانگریس نے بھی یڈ یورپا حکومت کو غیرآئینی قرار دیتے ہوئے اس حکومت کو فوراً برخاست کرنے کا مطالبہ کیا ہے -سرجے والا نے الزام عائد کیا کہ کرناٹک میں اراکین اسمبلی کی خرید و فروخت کرکے حکومت بنائی گئی تھی-اب اس جوڑ توڑ کی حقیقت طشت از بام ہوچکی ہے لہٰذا یڈ یورپا کی ٹیپ پر ریکارڈ باتوں کی تفتیش ہونی چاہیے -انہوں نے سوال کیا کہ اراکین اسمبلی کی خرید و فروخت کے لیے کالا دھن کہاں سے آیا؟ بی جے پی کی قیادت نے اس میں کیا کردار ادا کیا تھا؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس پوری سازش کی تفتیش ہونی چاہیے -ترجمان نے وزیراعظم نریندر مودی کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وہ برابرشفاف سیاست کی دہائی دیتے ہیں اس لیے انہیں ہمت سے کام لیتے ہوئے ایڈی یورپا حکومت کو برخاست کردیناچاہئے-

باغی اراکین اسمبلی کیلئے راستہ ہموار: کانگریس اور جے ڈی ایس کے باغی اراکین اسمبلی کو ضمنی انتخابات لڑنے کیلئے سپریم کورٹ کی اجازت کے ساتھ ہی ان کے لئے بی جے پی میں شامل ہونے کا راستہ ہموار ہوگیا ہے - کرناٹک کے نائب وزیراعلیٰ سی این اشوتھ نارائن نے آج نئی دہلی میں کہا کہ باغی اراکین اسمبلی نے بی جے پی میں شامل ہونے کی خواہش ظاہر کی ہے - 14 نومبر کو وہ بنگلور میں بی جے پی میں شامل ہوں گے - انہوں نے یہ بھی کہاکہ باغی اراکین اسمبلی 5دسمبر کو اسمبلی کی 15 سیٹوں کیلئے ہونے والا چناؤ بی جے پی کی ٹکٹ پر لڑسکتے ہیں - انہوں نے بتایا کہ باغی اراکین اسمبلی نے آج پارٹی کے سینئر لیڈروں سے ملاقات بھی کی -جن کا پارٹی لیڈروں نے بی جے پی میں خیرمقدم کیا ہے - 

بی جے پی میں شمولیت: نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ کل صبح 10:30بجے بنگلور کی پارٹی آفس میں وزیراعلیٰ یڈ یورپا اور بی جے پی کے ریاستی صدر نلن کمار کٹیل کی موجودگی میں بی جے پی میں شامل ہوجائیں گے -سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد چندنااہل اراکین اسمبلی نے اشوتھ نارائن کے ساتھ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش سے ملاقات کی-انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پارٹی کی حکمت عملی کا فیصلہ کرنے جمعرات کو بنگلور میں پارٹی لیڈر اور نااہل اراکین اسمبلی وزیراعلیٰ اور پارٹی کے ریاستی صدر سے ملاقات کریں گے -

تمام نااہل اراکین اسمبلی کو ٹکٹ دیا جائے گا: بی جے پی نے ابھی یہ واضح نہیں کیا ہے کہ تمام 15 حلقوں سے نااہل اراکین اسمبلی کو پارٹی ٹکٹ دیا جائے گا- اگر تمام 15 اسمبلی حلقوں سے صرف نااہل اراکین اسمبلی کو پارٹی ٹکٹ دیا گیا تو پارٹی کے درمیان بغاوت پھوٹ پڑنے کے آثار صاف نظر آرہے ہیں - اس لئے بی جے پی تمام حلقوں پر نااہل اراکین اسمبلی کو ٹکٹ دینے سے گریز کرسکتی ہے - اشوتھ نارائن سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا پارٹی نے انہیں ضمنی انتخابات کیلئے ٹکٹ دینے کا وعدہ کیا ہے؟ اس پر انہوں نے واضح جواب نہیں دیا اور کہاکہ فی الحال وہ خوشی خوشی پارٹی میں شامل ہورہے ہیں - وہ تمام ہمارے دوست ہیں ایک اعتماد کے ساتھ پارٹی میں شامل ہورہے ہیں - جب انہیں کوئی اندیشہ نہیں تو آپ لوگ کیوں فکر مند ہیں؟

تمام نااہل اراکین کو بی جے پی ٹکٹ: سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بی جے پی دفتر میں منعقدہ میٹنگ میں یہ طے کیا گیا کہ نااہل قرار پانے والے اراکین اسمبلی کو ہی پندرہ اسمبلی حلقوں میں بی جے پی امیدوار کے طورپر میدان میں اتارا جائے -

ایک نظر اس پر بھی

گھوٹالہ باز جناردن ریڈی کی بی جے پی میں شمولیت مودی حکومت کے بدعنوانی ختم کرنے کے دعووں کی قلعی کھول رہی: کانگریس

کانگریس نے 35 ہزار کروڑ روپے کے غیر قانونی خام لوہا کانکنی گھوٹالہ کے ملزم جناردن ریڈی کے بی جے پی میں شامل ہونے پر آج زوردار حملہ کیا۔ کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے نئی دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گھوٹالہ باز جناردن ریڈی کی بی جے پی ...

منگلورو میں 'جاگو کرناٹکا' کا اجلاس - پرکاش راج نے کہا : اقلیتوں کا تحفظ اکثریت کی ذمہ داری ہے 

'جاگو کرناٹکا' نامی تنظیم کے بینر تلے مختلف عوام دوست اداروں کا ایک اجلاس شہر کے بالمٹا میں منعقد ہوا جس میں افتتاحی خطاب کرتے ہوئے مشہور فلم ایکٹر پرکاش راج نے کہا کہ ایک جمہوری ملک میں اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنا اکثریت کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔

تنازعات میں گھرے رہنے والے اننت کمار ہیگڈے کو مودی نے کیا درکنار

پارلیمانی الیکشن کے دن قریب آتے ہی اننت کمار ہیگڑے نے گمنامی سے نکل کر اپنے حامیوں کے بیچ پہنچتے ہوئے اپنے حق میں ہوا بنانے کے لئے جو دوڑ دھوپ شروع کی تھی اور روز نئے متنازعہ بیانات  کے ساتھ سرخیوں میں بنے رہنے کی جو کوششیں کی تھیں اس پر پانی پھِر گیا اور ہندوتوا کا یہ بے لگام ...

لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے اننت کمار ہیگڈے کو دکھایا باہرکا راستہ؛ اُترکنڑا کی ٹکٹ کاگیری کو دینے کا اعلان

اپنے کچھ موجودہ ممبران پارلیمنٹ کو نئے چہروں کے ساتھ تبدیل کرنے کے اپنے تجربے کو جاری رکھتے ہوئے، بی جے پی نے سابق مرکزی وزیر اور اُتر کنڑ اکے ایم پی، اننت کمار ہیگڑے کو باہر کا راستہ دکھاتے ہوئے  آنے والے لوک سبھا انتخابات میں  ان کی جگہ اُترکنڑا حلقہ سے  سابق اسمبلی اسپیکر ...

ٹمکورو میں جلی ہوئی لاشوں کا معاملہ - خزانے کے چکر میں گنوائی تھی  تین لوگوں نے جان

ٹمکورو میں جلی ہوئی کار کے اندر بیلتنگڈی سے تعلق رکھنے والے تین افراد کی جو لاشیں ملی تھیں، اس معاملے میں پولیس کی تحقیقات سے اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ خزانے میں ملا ہوا سونا سستے داموں پر خریدنے کے چکر میں ان تینوں نے پچاس لاکھ روپوں کے ساتھ اپنی بھی جانیں گنوائی تھیں ۔