اڈانی معاملے پر خاموشی، پارلیمنٹ میں بحث یا ذکر تک نہیں: کانگریس کا الزام

Source: S.O. News Service | Published on 27th November 2024, 6:06 PM | ملکی خبریں |

نئی دہلی، 27/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) گوتم اڈانی کے خلاف امریکہ میں عائد الزامات نے ہندوستانی سیاست میں طوفان برپا کر دیا ہے۔ پارلیمنٹ میں آج بھی اس معاملے کو لے کر زبردست ہنگامہ آرائی دیکھنے کو ملی۔ اپوزیشن جماعتوں کے رہنما مسلسل پارلیمنٹ میں اڈانی کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں، جبکہ کانگریس نے تو اڈانی کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ اتنے سنگین الزامات کے باوجود مودی حکومت اور تحقیقاتی ایجنسیاں خاموش کیوں ہیں، اور کارروائی سے گریز کیوں کیا جا رہا ہے؟

اس تعلق سے کانگریس ترجمان سپریا شرینیت نے آج پریس کانفرنس میں کئی اہم باتیں سامنے رکھیں۔ انھوں نے کہا کہ اڈانی پر جو الزامات عائد کیے گئے ہیں، وہ کسی دیگر پر لگے ہوتے تو ای ڈی، سی بی آئی، سیبی جیسے ادارے اور ایجنسیاں ان سنسنی خیز انکشافات کی جانچ کرتیں، لیکن اڈانی کی وجہ سے سبھی کے ہاتھ پاؤں پھول گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بحث تو دور، ان کا نام تک نہیں لے رہے۔ ہر طرف سے پھنسے اڈانی صرف ہندوستان میں ہی ’سیف‘ (محفوظ) ہیں، کیونکہ یہاں پر نریندر مودی کی وجہ سے کوئی ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ جانچ ایجنسیاں خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہیں، ورنہ ان الزامات کی بنیاد پر تو ابھی تک ان کی گرفتاری ہو جانی چاہیے تھی۔

کانگریس ترجمان نے صاف لفظوں میں کہا کہ کانگریس لاکھوں کروڑوں روپے کی ہیرا پھیری اور رشوت دینے والے اڈانی کی گرفتاری چاہتی ہے۔ ایوان میں اڈانی پر لگے الزامات پر تفصیلی بحث ہو۔ ہماری جانچ ایجنسیاں اور سیبی جیسے ادارے ان الزامات کی غیر جانبدارانہ جانچ کریں۔ برسراقتدار بی جے پی، حکومت کے وزراء اور اراکین پارلیمنٹ بے شرمی کے ساتھ اڈانی کا دفاع کرنا چھوڑ دیں۔ سپریا شرینیت نے کہا کہ امریکہ میں وارنٹ جاری ہونے کے بعد سے دنیا بھر میں اڈانی کے کارناموں کا ڈنکا بج رہا ہے اور ان کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے، لیکن ہندوستان میں ایسا کچھ دیکھنے کو نہیں مل رہا۔ کانگریس ترجمان نے اس تعلق سے کچھ مثالیں بھی پیش کیں، جو اس طرح ہیں:

  • فرانس کی کمپنی ٹوٹل انرجی نے اڈانی گروپ میں مستقبل کی کسی بھی سرمایہ کاری پر روک لگا دی ہے۔ ٹوٹل انرجی دنیا کی 7 سپر پاور انرجی کمپنی میں سے ایک ہے اور اڈانی گرین مین اس کا 20 فیصد حصہ ہے۔
  • امریکی ایجنسی اڈانی کے حمایت یافتہ سری لنکائی بندرگاہ پروجیکٹ کے لیے 550 ملین ڈالر کے قرض کی پھر سے جانچ کر رہی ہے۔
  • سری لنکا خود اڈانی پاور کی ڈیل کو ریویو کر رہا ہے۔
  • اسرائیل کے حائفہ بندرگاہ پر اڈانی مزدوروں سے متعلق تنازعہ اور مخالفت کا سامنا کر رہے ہیں۔
  • کینیا کی حکومت نے اڈانی کی پاور اور ایئرپورٹ ڈیل رد کر دی۔
  • بنگلہ دیش کی عدالت نے اڈانی کے بجلی معاہدہ کی جانچ کا حکم دیا۔
  • آسٹریلیا میں پہلے ہی اڈانی کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ ہو رہا ہے۔
  • سوئٹزرلینڈ میں اڈانی کے خلاف منی لانڈرنگ اور جعلسازی کی جانچ کے تحت کئی سوئس بینک اکاؤنٹس میں 2617 کروڑ روپے فریز کر دیے تھے۔
  • امریکہ نے تو دھوکہ دہی اور رشوت دینے کے لیے وارنٹ ہی جاری کر دیا ہے۔

کانگریس ترجمان سپریا شرینیت نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اڈانی گروپ کی دلیلوں سے امریکی ایجنسیوں اور وہاں کے ڈپارٹمنٹ آف جسٹس کے ذریعہ عائد کیے گئے الزامات دھلنے والے نہیں ہیں، اور ایسا نہیں ہے کہ ہندوستانی ایجنسیوں نے امریکی ڈپارٹمنٹ آف جسٹس کے الزامات کی بنیاد پر جانچ نہیں کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسی مودی حکومت کی مدت کار میں سی بی آئی نے 2016 میں امریکی ڈپارٹمنٹ آف جسٹس کے ذریعہ لگائے گئے الزامات کی بنیاد پر برازیلین جہاز بنانے کی کمپنی ’امبرائر‘ کی جانچ کی تھی۔ اسی مودی حکومت کے دور میں 2018 کے دوران سی بی آئی نے امریکی کمپنی ’لوئس برگر‘ کی جانچ کروڑوں روپے کی رشوت دینے کے معاملے میں کی تھی۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ آج صبح صبح بوکھلا کر اڈانی کے نظام نے جھوٹے شگوفے چھوڑے ہیں۔ یہ کچھ نہیں، بس ان کی بوکھلاہٹ اور سنگین الزامات سے بچنے کی ناکام کوشش ہے۔

اڈانی معاملہ میں کچھ اہم نکات پیش کرتے ہوئے سپریا شرینیت نے بتایا کہ وکالت کا جامہ پہن کر اڈانی کے بچاؤ میں اترے ایک سینئر وکیل نے صبح سویرے بتایا کہ امریکہ کے عدالتی دستاویزات میں کاؤنٹ 1 اور کاؤنٹ 5 میں اڈانی یا ان کے بھتیجے کا نام نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کاؤنٹ 1 ’ایف سی پی اے‘ کی خلاف ورزی کا معاملہ ہے جس مین اڈانی کا نام نہیں ہے۔ وہ بس بڑی چالاکی سے یہ بتانا بھول گئے کہ امریکی ایف سی پی اے کسی غیر ملکی شہری پر نافذ ہی نہیں ہوتا، تو اڈانی کا نام آتا کیسے! لیکن انہی کاؤنٹ میں ’ازورے پاور‘ کا نام ہے جو کہ ایک امریکی کمپنی ہے اور اڈانی کی پارٹنر بھی ہے۔ اس میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ امریکی محکمہ انصاف نے اڈانی کو قصوروار ٹھہرانے والے ثبوت پیش کیے ہیں۔

کانگریس کا کہنا ہے کہ لگتا ہے گمراہ کرنے والوں نے شاید گرانڈ جوری کے الزامات پڑھے ہی نہیں ہیں، جس میں صاف طور پر کہا گیا ہے کہ گوتم اڈانی، ساگر اڈانی اور دیگر لوگوں نے ہندوستان میں رشوت دینے، رشوت کی پیش کش کرنے، رشوت کا وعدہ کرنے کا ایک منصوبہ تیار کیا جس رشوت کے بدلے حکومت ہند بجلی کمپنیوں کو سنٹرل پی ایس یو، ایس ای سی آئی کے ساتھ بجلی خریدنے کے معاہدہ پر مجبور کرے گی (پیراگراف 47)۔ اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ انھوں نے ریاست کی پاور ڈسٹریبیوشن کمپنیوں کے ذریعہ پی ایس اے کو نافذ کروانے کے لیے حکومت ہند کے افسران کو تقریباً 2029 کروڑ روپے (تقریباً 265 ملین ڈالر) کی رشوت دی تھی، ساتھ ہی مزید رشوت دینے کا وعدہ کیا (پیراگراف 49)۔ اس کے علاوہ اس میں سب سے اعلیٰ سطح پر بدعنوانی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ کہا گیا ہے کہ ساگر اڈانی اور ونیت جین نے ایس ای سی آئی کی 2.3 جی ڈبلیو، پی پی اے الاٹ کرنے والے عمل کو بھی غلط طریقوں سے متاثر کیا (پیراگراف 70)۔

ایک نظر اس پر بھی

راہل گاندھی کانگریس وفد کے ہمراہ تشدد سے متاثرہ سنبھل کا دورہ کریں گے

راہل گاندھی بدھ کے روز سنبھل کا دورہ کریں گے، جہاں وہ کانگریس کے سینئر رہنماؤں کے ساتھ تشدد زدہ علاقوں کا جائزہ لیں گے۔ کانگریس کے ریاستی صدر اجے رائے نے بتایا کہ اس دورے میں پارٹی کے دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر راہل گاندھی کے ہمراہ کانگریس ...

دہلی ہائی کورٹ نے APCR سکریٹری ندیم خان کو فراہم کیا6 دسمبر تک گرفتاری سے عبوری تحفظ

دہلی ہائی کورٹ نے ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (APCR) کے قومی سکریٹری اور انسانی حقوق کے کارکن ندیم خان کو 6 دسمبر تک گرفتاری سے عبوری تحفظ فراہم کیا ہے۔ ان پر دہلی پولیس کی جانب سے درج ایف آئی آر میں نفرت انگیزی اور تشدد کو فروغ دینے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

کیرالہ میں بس اور کار کے درمیان تصادم، 5 میڈیکل طلبا جاں بحق

کیرالہ کےالاپپوزا میں پیر کی رات ایک المناک سڑک حادثہ رونما ہوا، جہاں روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (کے ایس آر ٹی سی) کی بس ایک کار سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں کار میں سوار 5 نوجوانوں کی موت ہو گئی، جن میں سبھی ایم بی بی ایس کے طلبا تھے۔ پولیس کے مطابق، یہ حادثہ کلارکوڈ کے قریب رات ...

تمل ناڈو میں چٹان گرنے کا بڑا حادثہ، 5 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق

تمل ناڈو کے تروانملا ضلع میں گردابی طوفان ’فینگل‘ کی وجہ سے مسلسل بارشوں کے دوران ایک بڑا سانحہ پیش آیا۔ ایک بھاری چٹان کا ٹکڑا ایک گھر پر گرنے سے 5 بچوں سمیت 7 افراد کی موت ہو گئی۔ اس حادثے میں 4 لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں، جنہیں فوراً اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ تمل ناڈو کے نائب ...

سنبھل تشدد سازش کا نتیجہ، معاملے کی تحقیقات سے اتحاد کو خطرہ: لوک سبھا میں اکھلیش یادو کا بیان

لوک سبھا کی آج کی کارروائی کے دوران سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے سنبھل میں پیش آنے والے حالیہ تشدد کو ایک منظم سازش کا شاخسانہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سنبھل، جو ہمیشہ بھائی چارے اور اتحاد کی علامت رہا ہے، انتظامیہ کے متنازعہ فیصلوں کی وجہ سے کشیدگی کا مرکز بنتا جا رہا ...

پارلیمنٹ میں اپوزیشن کا ہنگامہ: اڈانی کیس میں جے پی سی تحقیقات اور سنبھل تشدد پر جواب طلب

پارلیمنٹ کے اجلاس سے قبل اپوزیشن اتحاد ’انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس‘ (انڈیا) کے رہنماؤں نے گوتم اڈانی اور سنبھل تشدد کے معاملات پر حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور کانگریس رہنما پرینکا گاندھی سمیت دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے ...