ہریانہ میں چھوٹی جماعتیں بی جے پی کی بی، سی، اور ڈی ٹیم ہیں: سونی پت میں راہل گاندھی کا بیان
چندی گڑھ، 2/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)ہریانہ اسمبلی انتخابات کی تیاری کے سلسلے میں راہل گاندھی نے آج ہریانہ کے مختلف علاقوں میں 'وجئے سنکلپ یاترا' کے تحت جلسوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے لوگوں سے ملاقاتیں بھی کیں اور ہر مقام پر بی جے پی حکومت کو اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انتخابی مہم کے دوران راہل گاندھی نے کہا، "ہریانہ میں کانگریس کا طوفان آ رہا ہے۔ کانگریس کی حکومت 36 برادریوں کی حکومت ہوگی۔ ہریانہ کے 36 برادریوں کے نوجوانوں کو خالی پڑے دو لاکھ سرکاری عہدے انصاف اور مساوات کے ساتھ تقسیم کیے جائیں گے۔"
سونی پت کے گوہانا میں منعقدہ ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے ہریانہ کی چھوٹی سیاسی جماعتوں کو بی جے پی کا حامی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ "ہریانہ میں چھوٹی چھوٹی پارٹیاں بی جے پی کی بی، سی، اور ڈی ٹیم ہیں۔ اسمبلی انتخابات میں مقابلہ صرف بی جے پی اور کانگریس کے درمیان ہے۔ یہ لڑائی امبیڈکر جی اور گاندھی جی کے آئین کو بچانے کے لیے ہے۔"
اپنے خطاب کے دوران پی ایم مودی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ہندوستان کے دلتوں، پسماندوں، غریبوں کو جو بھی ملا ہے وہ سبھی آئین کی بدولت ہے۔ آئین میں لکھا ہے کہ ہندوستان کے سبھی شہری برابر ہیں۔ لیکن نریندر مودی ارب پتیوں کا لاکھوں کروڑ کا قرض معاف کرتے ہیں، ان کی مدد کرتے ہیں، اڈانی کو فائدہ پہنچانے کے لیے سیاہ قانون لاتے ہیں۔ لیکن وزیر اعظم غریبوں، خواتین، کسانوں کا قرض معاف نہیں کرتے اور روزگار کا سسٹم ختم کر دیتے ہیں۔ یہ آئین پر حملہ ہے۔ راہل گاندھی نے الزام عائد کیا کہ آر ایس ایس ملک کے اداروں میں اپنے لوگوں کو بھرتی کرتا ہے، جبکہ غریبوں و محروم لوگوں کو ان اداروں میں جگہ نہیں ملتی۔ بی جے پی آئین کو ختم کرنا چاہتی ہے، لیکن اپنی جان دے کر بھی کانگریس لیڈران اس کی حفاظت کریں گے۔
کانگریس میں موجود اتحاد کا تذکرہ کرتے ہوئے سینئر کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’’جنگل میں شیر تنہا رہتے ہیں۔ لیکن کانگریس پارٹی ایسی پارٹی ہے جہاں سبھی شیر یعنی کارکنان ایک ساتھ کھڑے ہو جاتے ہیں۔ میرا کام سبھی شیروں کو ایک ساتھ لانے کا ہے۔‘‘ راہل گاندھی یہ بھی کہتے ہیں کہ ہریانہ میں لوگوں کے پاس تاوان کے لیے فون آ رہے ہیں، کیونکہ بی جے پی حکومت نے بے روزگاری کا جال پھیلا رکھا ہے۔ ہریانہ بے روزگاری اور جرائم میں پہلے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ پہلے سب کا آدھار کارڈ ہوا کرتا تھا، پھر بی جے پی حکومت نے ہریانہ کے ہر کنبہ کو پریشان کرنے کے لیے ’پریوار پہچان پتر‘ بنا دیا۔ اس کی آڑ میں لوگوں کو سرکاری منصوبوں سے دور کیا جا رہا ہے۔ ہریانہ میں کانگریس کی حکومت بنتے ہی اس ’پریوار پریشان پتر‘ کو ختم کیا جائے گا۔
راہل گاندھی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس امیدواروں کو کثیر ووٹوں سے کامیاب بنائیں۔ اس دوران انھوں نے کانگریس کی گارنٹیوں کو بھی شمار کرایا۔ انھوں نے کہا کہ ہریانہ میں کانگریس کی حکومت بننے پر خواتین کو ہر ماہ 2 ہزار روپے دیے جائیں گے اور 500 روپے میں گیس سلنڈر ملے گا۔ ضعیف، معذور اور بیوہ پنشن 6 ہزار روپے کی جائے گی۔ سرکاری ملازمین کے لیے پرانا پنشن نظام بحال ہوگا۔ ہریانہ کو نشہ سے پاک ریاست بنایا جائے گا۔ 300 یونٹ مفت بجلی دی جائے گی۔ راجستھان کی کانگریس حکومت کے ذریعہ نافذ کردہ چرنجیوی منصوبہ کے طرز پر 25 لاکھ روپے تک کا مفت علاج ہوگا۔ غریب کنبوں کو 100 گز کا پلاٹ ملے گا اور ساڑھے تین لاکھ روپے کی لاگت سے دو کمروں کا مکان دیا جائے گا۔ کسانوں کو ایم ایس پی کی قانونی گارنٹی دی جائے گی۔ ذات پر مبنی مردم شماری کرائی جائے گی۔ کریمی لیئر کی حد 6 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کی جائے گی۔