ہوناور میں ایک ہفتے کے اندر دوسری مرتبہ بازیافت ہوئی مردہ وھیل مچھلی
ہوناور 17/ ستمبر (ایس او نیوز) ہوناور تعلقہ کے ساحل پر ایک ہفتے کے اندر دوسری مرتبہ بہت بڑے سائز کی مردہ وھیل مچھلی بازیافت ہوئی ہے جس پر مقامی ماہی گیر اور سمندری مخلوقات کے ماہرین کو تشویش کا اظہار کر رہے ہیں ۔
اس مرتبہ 29 فٹ لمبی اور 8 فٹ موٹی مردہ بلین وھیل مچھلی ہوناور کے پاس مجوزہ تجارتی بندرگاہ کے پاس ملی ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ یہ مادہ وھیل ہے ۔ اس بارے میں مقامی لوگوں نے محکمہ جنگلات کے افسران کو اطلاع دی تو انہوں نے موقع پر پہنچ کر وھیل مچھلی کے باقیات کا جائزہ لیا اور اسے پوسٹ مارٹم کے لئے روانہ کر دیا ۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اسی قسم کی بہت بڑی بلین وھیل مچھلی کا مردہ اور سڑا ہوا ڈھانچہ ہوناور تعلقہ کے موگلی ساحل پر دستیاب ہوا تھا ، جو کہ نر وھیل مچھلی کا تھا ۔ اس بارے میں بات کرتے ہوئے بحری حیاتیات کے ماہر ڈاکٹر پرکاش میستا نے بتایا کہ ایک ہفتے کے اندر ایک نر اور مادہ وھیل مچھلی کا ڈھانچہ ملنے سے گمان کیا جاتا ہے کہ شائد یہ نر اور مادہ مچھلی کا جوڑا ملن کے دور سے گزر رہا تھا اسی دوران کسی جہاز سے ان کی ٹکر ہوئی ہوگی جو ان کی موت کا سبب بن گئی ۔ البتہ حقیقی وجوہات کا پتہ لیباریٹری سے پوسٹ مارٹم رپورٹ سےہی چلے گا ۔