بھٹکل : انسان ہیں انسانیت کا درس دیں ، ہندو مسلم آپس میں میل جول بڑھائیں : پیام انسانیت کے بھائی چارہ اجلاس میں مولانا محمد رابع حسنی ندوی کا پرمغز خطاب

Source: S.O. News Service | By Abu Aisha | Published on 4th February 2018, 9:49 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل:4/ فروری (ایس اؤنیوز) بھارت کثرت میں وحدت کا ملک ہے ، یہ ملک مختلف خیالات، دھرم ، تہذیب ،ثقافت ،زبانوں پر مشتمل ہے، انسانیت کی بنیاد پر یہاں کے ہندؤوں اور مسلمانوں کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا وقت کا تقاضاہے، ان خیالات کا اظہار پیام ِ انسانیت اور مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر حضرت مولانا محمد رابع حسنی ندوی نےکیا۔

وہ یہاں اتوار کو ہیبلے گرام پنچایت حدود کے جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں منعقدہ پیامِ انسانیت کے بھائی چارگی اجلاس میں صدارتی خطاب کررہے تھے۔ مولانا نے کہاکہ ہندوستان کی تاریخ ہندو مسلم بھائی چارے سے بھری پڑی ہے، مگر آج سیاست کی نذر ہوکر انسان ، انسان کو ختم کرنے کی شیطانی فکر میں مبتلا ہے۔ یہاں کی اکثریت آپسی میل محبت اور ساتھ میں جینے کی فکر رکھتی ہے جب کہ صرف کچھ ہی لوگ ہیں جو جھگڑے فساد کی بات کرتے ہیں ۔ ہم سبھوں کو مل کر انہیں سمجھانا ہے کہ ہم سب انسان ہیں، ایک دوسرے کو ہمدردی ، محبت سے پیش آنا چاہئے ، ہمارے خیالات گرچہ مختلف ہیں لیکن ان سب کو نظر انداز کرتے ہوئے ملک کی ترقی کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک ڈاکٹر کسی مریض کے علاج کے لئے اس کا دھرم نہیں دیکھتا، فسادات سے انسانوں کا ہی نقصان ہوتاہے ذرہ برابر فائد ہ نہیں ہوتا۔ مولانا نے اسلام کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہاکہ اسلام انسانوں سے پیار و محبت کی تعلیم دیتاہے۔ پڑوسیوں کےساتھ حسن سلوک کی تاکید کرنےکی بات کہی۔

کنڑا روزنامہ وارتابھارتی کے مدیر اعلیٰ عبدالسلام پتگے نے کنڑا زبان میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستانی سرزمین کے لئے مذاہب کوئی نئی چیز نہیں ہیں مگر مذہب کے نام پر منعقدہ ہونے والے بھائی چارگی کے اجلاس نئے ہیں، گذشتہ دو دہوں سےشروع ہوئے ایسے بھائی چارے کے اجلاس سے ہمیں پتہ چلتاہے کہ ہمارے میں بھائی چارگی کی کمی ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ بھائی چارگی اور یک جہتی کے اجلاس کے انعقاد پر ہم اپنا احتساب کریں ، معاشرے میں مساجد، منادر ، مذہبی اجلاس بہت ہورہے ہیں، لوگ اپنے دھرموں کی طرف سے زیادہ لوٹ رہے ہیں، ہم ایسا محسوس کررہے ہیں،اگر ایسا ہے تو ہمارے درمیان سماجی سطح پر رابطہ و تعلقات میں بھی مضبوطی آنا چاہئے لیکن ایسا نہیں ہورہاہے اس کے بدلے دوریاں بڑھ رہی ہیں۔ دراصل ہم مذہبی سچائی ، غرض وغایت اور اس کے پیغام کو سمجھنے کے بجائے صرف مذہبی علامات تک محدود ہیں۔ آئسیس نامی شیطانی گروہ کی کارستانیوں سے انسانیت کا سر جھک جاتاہے ، یہاں مذہبی علامات کے استعمال نے پورے ایک مذہب کوداغدار بنادیا ہے۔ مذہب کو تاجر اپنی تجارت کے لئے ، پروہت اپنے مفاد کے لئے استعمال کرنے سے مذہب بدنام ہورہاہے، مذہب کے غلط استعمال کو روکنے کے لئے آگے بڑھیں تو اس سے مزید غلط فہمیاں پیدا ہونے کا خدشہ ہے ۔ مسجدوں، مندروں اور چرچوں کی تعمیر سے عوام میں مذہبی بیداری نہیں آتی بلکہ مذہبوں کا مطالعہ کرنے سے اس کے پیغام کو سمجھنے سے ، عوام کو سمجھانے سے ، سمجھانےکی کوشش کرنے سے بیداری پیدا ہونے کی بات کہی۔

رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے ملک کے دستور نے تمام کے لئے مساوی طورپر جینے کا حق عطا کرتاہے ، صرف ہمیں جینا نہیں ہے بلکہ دوسروں کو بھی سکھ چین سے جینے دینے کا ہم میں جذبہ ہونا چاہئے۔ بھٹکل کے عوام باشعور ہیں، یہاں ایسی کسی منافرت کو وہ ہوا نہیں دیں گے ، حالیہ دنوں میں کچھ شرپسندوں نے اپنے نفرت بھرے پیغامات سے ماحول کو بگاڑن کی کوشش کی ہے مگر بھٹکل کے سنجیدہ عوام نے ان کو موقع نہ دیتے ہوئے امن و امان کو برقرار رکھنے کی بات کہی ۔

اس موقع پر مولانا سجاد نعمانی نے عوام سے کہاکہ وہ سنی سنائی باتوں پر اعتماد نہ کریں، خود تحقیق کرکے سچائی کو جانیں، تیسرے کے وسیلہ سے دوسرے کو سمجھنےکی عادت چھوڑ دیں۔انہوں نے زور دے کر کہاکہ ملک کی اکثریت آج بھی اچھی اور سلجھی ہوئی سوچ رکھتی ہے، آپسی میل جول بڑھائیں، اگر کوئی بات پر اختلاف ہوجاتاہے تو آپس میں مل بیٹھ کر بات چیت کرکے معاملے کو سلجھالیں۔ شکایت کو دور کریں۔ مولانا بلا ل حسنی ندوی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ساری دنیا میں ملک ہندوستان کی ایک پہچان ہے وہ یہی ہے کہ یہاں تمام مذہب کے لوگ پیار و محبت سے رہتے ہیں،انہوں نےکہاکہ اگر انسان ہیں تو کسی کے راستے میں کانٹے نہیں پھول بچھائیں۔ انسان کو انسان اسی لئے کہا جاتاہے کہ اس میں انسانیت ہوتی ہے ، وہ اپنے فائدے کے لئے نہیں بلکہ انسانوں کے لئے جیتاہے۔ مولانا نے کہاکہ اس ملک میں بسنے والا ہر شہری اس ملک کی ایک قوت ہے اس کو ضائع ہونے نہ دیں۔ انہو ں نے اسلام کے محبت بھرے پیغام کو تمام انسانوں تک پہنچانے کی اپیل کی۔

پروفیسر انیس چستی نے خطاب کہاکہ مذہب کے نام پر انتہاپسندی کو پھیلاکرمذہب کی غایت کوہی غارت کردیاجارہا ہے، جس کی وجہ سے ملک کا ہرشہری بے چین ہے ، ہر ایک اس غلط فہمی میں مبتلا ہے کہ اس کا دھرم خطرےمیں ہے۔ دھرم کے ٹھیکدار وں نے ملک کو برباد کرنےپر تلے ہیں، جب کہ مذہبی پیشوا تمام کو ساتھ لے کر چلنےکی کوشش کررہے ہیں۔ ایڈیشنل ایس پی گوپال بیاکوڈ نے والدین و سرپرستوں سے گزارش کی کہ انہیں اچھے اخلاق اور بہتر کردار عطاکریں۔ مذہبی کتابیں فساد کی نہیں امن کی بات کرتے ہیں ، مگر ہم جلدی میں ہیں ڈھنگ سے مطالعہ نہیں کرتے جس کی وجہ سے غلط فہمیاں پیدا ہوتی ہیں۔ پیام ِ انسانیت کے مقامی صدر مولانا محمد الیاس جاکٹی ندوی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھٹکل کے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لئے کئے جانے والے کاموں پر روشنی ڈالی۔ ان کے علاوہ ایم جی ایم مندر کے پجاری ڈاکٹر گنپتی پی بھٹ ،تحصیلدار وی این باڈکر نے بھی اپنے خیالات کااظہارکیا۔ اس موقع پرجماعت المسلمین بھٹکل کے چیف قاضی مولانا محمد اقبال ندوی ، مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے چیف قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی ندوی مدنی ، مجلس اصلاح وتنظیم کے صدر محمد مزمل قاضیا، جامعہ اسلامیہ کے صدر محمد شفیع شاہ بندری وغیرہ ڈائس پر موجود تھے۔

اجلاس میں پیام ِ انسانیت اور بھائی چارگی کے موضوع پر منعقد کئے گئے مضمون نویسی مقابلہ میں جیت حاصل کرنےو الے 50سے زائد طلبا و طالبات میں انعامات کی تقسیم کی گئی ۔ جس میں اول انعام شیتل نائک کو لیپ ٹیپ ۔ دوم انعام پوجا وینکٹیش نائک کو ریفریجٹر اور فاطمہ فرح ایس ایم کوسوم انعام کے طورپر واشنگ مشین اور سند عطا کی گئی ۔

 

ایک نظر اس پر بھی

اُڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر حادثہ - بائک سوار ہلاک

اڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر پیش آئی  بائک اور ٹرک کی ٹکر میں  بائک سوار کی موت واقع ہوگئی ۔     مہلوک شخص کی شناخت ہیرور کے رہائشی  کرشنا گانیگا  کی حیثیت سے کی گئی ہے جو کہ اُڈپی میونسپالٹی میں الیکٹریشین کے طور پر ملازم تھا ۔

بھٹکل، ہوناور، کمٹہ میں سنیچر کے دن بجلی منقطع رہے گی

ہیسکام کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ہوناور، مرڈیشور اور کمٹہ سب اسٹیشنس کے علاوہ مرڈیشور- ہوناور اور کمٹہ - سرسی 110 کے وی لائن میں میں مرمت ، دیکھ بھال،جمپس کو تبدیل کرنے کا کام رہنے کی وجہ سے مورخہ 20 اپریل بروز سنیچر صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک بھٹکل، ہوناور اور کمٹہ تعلقہ ...

اڈپی - چکمگلورو حلقے میں عمر رسیدہ افراد، معذورین نے اپنے گھر سے کی ووٹنگ

جسمانی طور پر معذوری اور عمر رسیدگی کی وجہ سے پولنگ اسٹیشن تک جا کر ووٹ ڈالنا ممکن نہ ہونے کی وجہ سے 1,407 معذورین اور 85 سال سے زیادہ عمر کے 4,512 افراد نے   کرنے کے بجائے اپنے گھر سے ہی ووٹنگ کی سہولت کا فائدہ اٹھایا ۔ 

بھٹکل میں کوآپریٹیو سوسائٹی سمیت دو مقامات پر چوری کی واردات

شہر کے رنگین کٹّے علاقے میں واقع ونائیک کو آپریٹیو سوسائٹی کے علاوہ دیہی پولیس تھانے کے حدود میں ایک دکان اور مرڈیشور بستی مکّی کے ایک سروس اسٹیشن میں سلسلہ وار چوری کی وارداتیں انجام دیتے ہوئے لاکھوں روپے نقدی لوٹی گئی ہے ۔