دہلی سمیت پورے شمالی ہندوستان میں سردی کی لہر، کئی ریاستوں میں بارش کا الرٹ
نئی دہلی،16؍جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی) راجدھانی دہلی، پنجاب اور راجستھان سمیت شمالی ہندوستان کی بیشتر ریاستوں میں کڑاکے کی سردی محسوس کی جا رہی ہے۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے شمال مغربی ہندوستان کے کچھ حصوں میں انتہائی گھنی دھند کا انتباہ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار 16 جنوری کو پنجاب، ہریانہ، شمالی راجستھان، دہلی، اتر پردیش، بہار اور شمال مشرقی ہندوستان میں گھنی دھند چھائی رہے گی۔ اس کے علاوہ آج کئی ریاستوں میں بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
موسم کی پیشن گوئی کرنے والی ایجنسی اسکائی میٹ کے مطابق ہریانہ اور اس کے آس پاس کے علاقے میں ایک سائیکلونک گردش جاری ہے، جس کے باعث ملک کے شمالی اور وسطی علاقوں میں سردی کی لہر برقرار ہے۔ اس کے علاوہ جنوبی وسطی خلیج بنگال کے اوپر ایک سائیکلون سرکولیشن برقرار ہے۔ جس کی وجہ سے آج اس علاقے میں بارش ہو سکتی ہے۔
مغربی بنگال، منی پور، میزورم، اروناچل پردیش، تریپورہ کے علاقوں اور ساحلی اوڈیشہ میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، ساحلی آندھرا پردیش اور تمل ناڈو کے مختلف علاقوں میں بھی ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
مدھیہ پردیش میں شدید سردی کے درمیان دھند چھائی ہوئی ہے۔ پنا شہر میں مرئیت 30 میٹر سے بھی کم رہ گئی ہے، جس کی وجہ سے گاڑیوں کی رفتار ماند پڑ گئی ہے۔ پنا میں گزشتہ کچھ دنوں سے اتنی سردی پڑ رہی ہے کہ لوگوں کو دوپہر تک سورج بھی نظر نہیں آتا۔ بادلوں کی آمدورفت کے درمیان درجہ حرارت میں کمی واقع ہو رہی ہے۔
راجدھانی دہلی میں درجہ حرارت مسلسل کم ہو رہا ہے اور اس کے علاوہ سردی کی لہر برقرار ہے۔ دہلی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے، جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 14 ڈگری سیلسیس تک ہو سکتا ہے۔
وہیں، سری نگر میں آج کم سے کم درجہ حرارت منفی دو ڈگری سیلسیس رہ سکتا ہے، جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 7 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ بھوپال، مدھیہ پردیش میں آج کا کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سیلسیس رہ سکتا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ چندی گڑھ کی بات کریں تو یہاں کم از کم درجہ حرارت 10 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ 16 ڈگری سیلسیس ہو سکتا ہے۔
اس کے علاوہ اتراکھنڈ کی راجدھانی دہرادون میں آج کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سیلسیس رہے گا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19 ڈگری سیلسیس رہ سکتا ہے۔ جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 17 ڈگری سیلسیس ہو سکتا ہے۔ ادھر، راجستھان کے جے پور شہر کا آج کم از کم درجہ حرارت 8 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔