نویں اور 11 ویں جماعت کے امتحانات 24 اپریل تک مکمل ہوں گے: گوا بورڈ
نئی دہلی،11/جنوری (آئی این ایس انڈیا) گوا ہائر سیکنڈری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ نے کہا کہ ریاست میں اس سے وابستہ تمام اسکولوں میں 11 ویں کلاس کے 24 اپریل تک طلبہ کو انسٹی ٹیوٹ میں بلا کر امتحانات لیے جائیں گے۔
بورڈ کے سکریٹری گیرلڈینا ایل مینڈس کے ذریعہ 8 جنوری کو جاری کردہ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ نویں اور 11 ویں کلاس کے تمام امتحانات 24 اپریل 2021 تک مکمل ہوجائیں گے، تاکہ اسکولوں میں 26 اپریل سے شروع ہونے والے بورڈ کے امتحانات کے لیے انفراسٹرکچر اور افرادی قوت دستیاب ہوسکے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے گوا میں اسکول آٹھ ماہ تک بند رہے، لیکن گذشتہ سال نومبر میں دسویں اور بارہویں کے کلاسز کودوبارہ کھول دیا گیا، جبکہ دیگر کلاسز کی پڑھائی آن لائن ہورہی ہے۔
سرکلر میں کہا گیا ہے کہ وبا کی صورتحال اور محدود درس و تدریس اور دیگر چیزوں کے پیش نظر اسکولوں سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ تعلیمی سیشن 2020-21 کے لئے نویں اور 11 ویں جماعت کے عملی اور نظریاتی امتحانات کو مکمل کرے۔بورڈ نے اسکولوں کو اجازت دی ہے کہ وہ اپنی سہولت کے مطابق امتحانات منعقد کریں۔