آئین اور ریزرویشن کے ساتھ کھیلنے پر وزارتی عہدہ چھوڑ دوں گا: چراغ پاسوان
پٹنہ، یکم اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر چراغ پاسوان نے آج ایک ایسا بیان دیا جو مودی حکومت کے لیے تشویش کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے ہندوستانی آئین اور ریزرویشن کے حوالے سے کسی بھی غلط فیصلے کے خلاف آواز اٹھانے کا عزم کیا ہے۔ چراغ پاسوان نے واضح کیا کہ "میں اپنے اصولوں سے سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ میرے والد (رام ولاس پاسوان) نے بھی یہی راستہ اپنایا۔ اگر ضرورت پڑی تو میں بھی وزارتی عہدہ چھوڑنے سے گریز نہیں کروں گا۔"
چراغ پاسوان نے یہ بیان بہار کی راجدھانی پٹنہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیا ہے۔ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’میں کسی بھی اتحاد میں رہوں یا کسی بھی وزارتی عہدہ پر رہوں، جس دن مجھے لگے گا کہ آئین کے ساتھ اور ریزرویشن کے ساتھ کھلواڑ ہو رہا ہے، میں اسی وقت وزارتی عہدہ کو لات مار دوں گا، جیسے میرے والد نے مارا تھا۔‘‘
ایل جے پی لیڈر نے یہ بیان ایسے وقت میں دیا ہے جب جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخاب کی تاریخ کا اعلان ہونے والا ہے۔ بی جے پی جھارکھنڈ میں آل جھارکھنڈ اسٹوڈنٹس یونین (آجسو) اور جنتا دل یو کے ساتھ مل کر انتخابی میدان میں اترنے والی ہے۔ ایسے میں ایل جے پی نے اعلان کر دیا ہے کہ ان کی پارٹی جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخاب ضرور لڑے گی۔ چراغ پاسوان کا کہنا بھی ہے کہ اتحاد میں یا تنہا انتخاب لڑنے سمیت سبھی متبادل پر غور و خوض ہو رہا ہے۔ چونکہ ایل جے پی مرکز میں این ڈی اے کا حصہ ہے، اس لیے پارٹی جھارکھنڈ میں بھی این ڈی اے کا حصہ رہتے ہوئے انتخابی میدان میں اترنا چاہتی ہے۔ لیکن بی جے پی ایسا نہیں چاہتی تو ایل جے پی تنہا بھی میدان میں اترنے کا ارادہ رکھتی ہے۔