سائنا نہوال ہارکرباہر، کشیپ چین اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں
فجوؤ(چین)،06/نومبر(آئی این ایس انڈیا) خراب فارم سے دوچار سابق اولمپک تمغہ یافتہ سائنا نہوال بدھ کو چین کی مقامی کھلاڑی کائی یان یان کے خلاف اوپننگ راؤنڈ میں شکست کھا گئی اور سات لاکھ ڈالر انعام والی چائنا اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں۔ویمن سنگل کے اس ٹورنامنٹ میں ورلڈ نمبر نائن سائنا نہوال کو کائی یان یان نے 9-21 ، 12-21 سےصرف 24 منٹوں میں ہی شکست دے کر مقابلے سے باہر کردیا۔
مردوں کے سنگلز میں سائنا کے شوہر اور ذاتی کوچ پاروپلی کشیپ نے تھائی لینڈ کے ستھکوم تھماسن کے خلاف براہ راست گیم میں آسان جیت درج کی۔کشیپ نے تھائی لینڈ کے کھلاڑی کو 43 منٹ میں شکست دی۔وہ دوسرے راؤنڈ میں ساتویں نمبر کے ڈنمارک کے وکٹر ایکسیلسن سے بھڑیں گے۔پرنب جیری چوپڑا اور این سکی ریڈی کی مخلوط ڈبلز جوڑی کو بھی پہلے دور میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستانی جوڑی وانگ چی لن اور چیانگ چی یا کی چینی تائی پے کی جوڑی کے ہاتھوں شکست جھیلنی پڑی۔جنوری میں انڈونیشیا ماسٹرز کا خطاب جیتنے کے بعد سے 29 سال کی سائنا اپنی فٹنس کو لے کر مشکل دور سے گزر رہی ہیں۔سائنا مسلسل تین ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں باہر ہونے کے بعد گزشتہ ماہ فرانسیسی اوپن کے کوارٹر فائنل میں پہنچی تھی۔