دوبئی،16؍اکتوبر (ایس او نیوز؍یو این آئی) سلامی بلے باز ڈو پلیسسز (86) کی بہترین نصف سنچری کے ساتھ روبن اتھپا کے (31) اور معین علی کے (ناٹ آؤٹ37) کی جارحانہ اننگز کے نتیجے میں چنئی سپر کنگس نے کولکاتا نائٹ رائڈرس کو 27 رنوں سے شکست دے دی اور چوتھی بار آئی پی ایل چمپئن بننے کا فخر حاصل کرلیا۔
جمعہ کو کھیلے گئے فائنل میں چینائی نے 20 اوورس میں تین وکٹوں کے نقصان پر 192 رنوں کا مضبوط اسکور کھڑا کیا جواب میں کولکاتا نے شاندار اوپننگ کی مگر 91 رنوں کی شاندار اوپننگ شراکت داری کے باوجود کلکتہ 9 وکٹوں کے نقصان پر 165 رن سے آ گے نہیں بڑھ سکی۔ کولکاتا کو اس طرح پہلی بار فائنل میں ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ چنئی نے اس سے قبل 2011۔2010 اور 2018 میں خطاب جیتا تھا۔
یاد رہے کہ چنئی پچھلی بار پلےآف کی ریس سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بنی تھی لیکن تب کپتان دھونی نے اس سال واپسی کا عزم ظاہر کیا تھا اور اپنے اس عزم کو انہوں نے پورا کر دکھایا۔
ڈو پلیسس نے اننگز کے آغاز میں وکٹ کیپر دنیش کارتک کے اسٹمپنگ کے چوکنے سے ملی نئی زندگی کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ، 59 گیندوں میں سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 86 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ڈو پلیسس اننگ کے آخری اوور میں شیوم ماوی کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے رتوراج گائیکوڑ کے ساتھ ابتدائی شراکت میں 61 رنز جوڑے۔
گائیکواڑ اس ٹورنامنٹ میں 635 رنز بنا کر ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں اور ان کے سر اورنج کیپ سج گیا ہے۔ گائیکواڑ نے 27 گیندوں پر 32 رن میں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
اتھپا نے گائیکواڑ کے پویلین لوٹنے کے بعد محض 15 گیندوں پرتین چھکے لگاتے ہوئے 31 رنز بنائے ۔ اتھپا ریورس سویپ مارنے کی کوشش کرتے ہوئے سنیل نارائن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ ڈو پلیسس اور اتھپا نے دوسری وکٹ کے لیے 63 رنز کی زبردست شراکت داری کی۔ اتھپا کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈو پلیسس کو علی کی صورت میں اچھا جوڑی دار ملا۔ علی نے محض 20 گیندوں پر اپنے ناٹ آؤٹ 37 رنز میں دو چوکے اور تین چھکے لگائے۔ ڈو پلیس اور علی نے تیسری وکٹ کے لیے 68 رنز کی نارائن چار اوورز میں 26 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کرکے سب سے کامیاب گیند باز رہے جبکہ ماوی نے 32 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ لوکی فرگیوسن چار اوورز میں 56 رنز دے کر بہت مہنگا ثابت ہوئے۔