بھٹکل میں جمعرات کو منعقدہ بھٹکلی پکوان مقابلے کی تیاریاں زوروں پر جاری؛ خصوصی پاس والوں کو ہی اندر جانے کی ہوگی اجازت

بھٹکل 11 مئی (ایس اونیوز) بھٹکل نوائط کالونی نیشنل ہائی وے پر واقع آمنہ ہال میں جمعرات کو منعقدہ بھٹکلی پکوان مقابلہ کی تیاریاں زوروں پر جاری ہیں اور اس مقابلے کے لئے خواتین کی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ آوز Auz گروپ آف کمپنیس کی جانب سے منعقدہ اس مقابلے میں بھٹکلی خواتین پر مشتمل کئی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ جن میں اول مقام پانے والی ٹیم کو پچیس ہزار، سکینڈ آنے والی ٹیم کو پندرہ ہزار اور تھرڈ کو دس ہزار روپیہ نقد انعام سے نوازا جائے گا۔
بھٹکلی خواتین کے درمیان پکوان مقابلے کی معلومات فراہم کرتے ہوئے آوز Auzگروپ آف کمپنیس کے مینجنگ ڈائرکٹرعبدالبدیع مُنیری نے بتایا کہ جمعرات شام چا ربجے مقابلے کا آغاز ہوگا اورمقابلہ میں شریک ہونے والی خواتین چار بجے سے سوا پانچ بجے تک اپنے تیار کردہ بھٹکلی پکوان کو ٹیبل پر سجائیں گی۔ خواتین پرمشتمل ججس کی ایک ٹیم شام چھ بجے سے 6:45 بجے تک تمام پکوانوں کا جائزہ لے کر ذائقوں وغیرہ کی جانچ کریں گی اور اپنے اپنے نمبرات دیں گی۔
عبدالبدیع مُنیری نے بتایا کہ شام سات بجے سے 8:15 تک سجائے گئے ٹیبلوں پر پکوان کی نمائش ہوگی، مگر جن خواتین کے پاس آمنہ ہال میں داخل ہونے کا پاس (اجازت نامہ) ہوگا، وہیں نمائش میں شریک ہوسکیں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ قریب آٹھ سو پاس جاری کئے گئے ہیں اور خواتین والنٹیرس ٹیم سمیت مقابلے میں حصہ لینے والی پکوان ٹیم کو سبھی پاس فراہم کئے گئے ہیں وہیں ان اجازتی پاس کو اپنے حساب سے تقسیم کریں گی۔انہوں نے واضح کیا کہ جن لوگوں کے پاس اجازت نامہ (پاس) نہیں ہوگا، انہیں ہال میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
عبدالبدیع کے مطابق بھٹکلی کھانے بالخصوص بھٹکلی ناشتے دنیا بھر میں مشہور ہیں اور بھٹکلی خواتین کے ٹیلنٹ کو منظرعام پر لانے اور بھٹکل کی خواتین کے تیار کردہ پکوان کو دنیا کے سامنے متعارف کرانے کے مقصد سے اس مقابلے کا انعقاد کیا گیا ہے۔ مزید بتایا کہ بھٹکلی خواتین کی طرف سے تیارکردہ پکوان کی چیزیں آورگینیک organic فوڈس پر مشتمل ہوتی ہیں اور اس کے ذریعے انسان صحت مند رہتا ہے، ہمیں ملاوٹی کھانوں سے پرہیز کرنا چاہئے اور اصلی بھٹکلی کھانوں کا استعمال کرنا چاہئے۔
رات 8:30 بجے سے 9 بجے تک پکوان مقابلے کی اختتامی تقریب ہوگی جس میں مہمانان اپنے اپنے تاثرات پیش کریں گے ۔ تقریب میں آرگنائزر کی جانب سے اول ،دوم اور سوم آنے والوں کے ناموں کے اعلان کے ساتھ انہیں انعامات سے نوازا جائے گا۔ اسی طرح حسب اعلان مقابلے میں شریک دیگر ٹیموں کے ممبران کو بھی گفٹ ہیمپرس اور سرٹی فیکٹ سمیت AUZ کے ووچرس بھی دئے جائیں گے۔