سیلاب سے متاثرہ گلبرگہ پہنچی مرکزی ٹیم ، تباہ شدہ فصلوں کاکیا معائنہ ، کسانوں کو 30.79کروڑ روپئے کی پہلی امدادی قسط
گلبرگہ،10؍ستمبر(ایس او نیوز؍راست) جمعرات کے د ن مرکزی ٹیم نے ضلع گلبرگہ کے ان تمام علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے جو شدید بارش اور سیلابی پانی سے متاثر ہوئے ہیں۔ ذراعت اورکسانوں کی فلاح و بہبود سے متعلق وزارت کے ڈائیریکٹر کے منوہر نے متاثرہ کھیتوں کا معائینہ کیا اور کسانوں سے تبادلہ خیال کیا تاکہ فصلوں اور مکانات کی تباہی کا اندازہ لگایا جاسکے۔ جیورگی ٹاؤن کے ساکنان نے اس موقع پر مرکزی ٹیم پر زور دیا کہ وہ جلد ازجلد بارش سے ہوئے نقصانات کی تلافی کے لئے سرکاری معاوضوں کوجاری کرنے کا کا انتظام کریں۔ اس موقع پر عہدہ داران نے بی رسول نامی ایک کسان کے کھیت کا معائینہ کیا۔ اس کھیت کی 1.3ایکڑ پر مشتمل فصلیں شدید بارش کے سبب تباہ ہوچکی ہیں۔ اس موقع پر محکمہ ذراعت کے جائینٹ ڈائیریکٹر چندر کانت جیونگی نے بتایاکہ اس گاؤں میں 1000ہیکٹر پر مشتمل فصلیں شدید بارش کے سبب تباہ ہوچکی ہیں۔ 1481سے زیادہ کسان جنھوں نے اپنی اراضی پر فی ایکڑ 5000روپئے خرچ کئے تھے وہاں کی فصلیں زیادہ بارش ہونے کے سبب تباہ ہوگئی ہیں۔ جیورگی کے تحصیلدار نے بتایا کہ تعلقہ جیورگی میں شدید بارش کے سبب 160مکانات منہدم ہوچکے ہیں اورمتاثرہ افراد میں 50,000روپئے فی مکان کے حساب سے رقمی امدادتقسیم کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر گلبرگہ مسٹر یشونت گروکر نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع گلبرگہ میں 1,11,400ہیکٹرس پر مشتمل فصلیں شدید بارش کے سبب تباہ ہوگئی ہیں۔ اس کے علاوہ 850مکانات منہدم ہوئے ہیں اور سیلاب کے سبب چھ افراد کی موت ہوئی ہے۔ ضلع بھر میں پہلی قسط کے طور پر 30.79کروڑ روپئے 33,487کسانوں میں امداد کے طورپر تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ مرکزی ٹیمکے دورہ کے موقع پر دیہی ترقیات کی وزارت کے انڈرسیکریٹری ایس بی تیواری، و دیگر عہدہ داران موجود تھے۔