بھٹکل میں چوری کی ایک اور واردات؛ تین دن میں تین گھروں میں چوریاں
بھٹکل 26 اکتوبر (ایس او نیوز) سنیچر شام کو مرڈیشور، اتوار شام کو ہیبلے کے فردوس نگر اور آج پیر شام کو بھٹکل میونسپل حدود کے قدوائی روڈ میں چوری کی واردات پیش آئی ہے جس میں چوروں نے ایک لاکھ روپیہ نقد پر ہاتھ صاف کردیا ہے۔
بھٹکل کی معروف اسکولی کتابوں اور اسٹشنری کی دکان الحجاز کے مالک عدنان رکن الدین کے مکان پر چوری کا معاملہ پیر شام قریب پانچ بجے اُس وقت سامنے آیا جب اہل خانہ اپنے رشتہ دار کے گھر سے واپس اپنے گھر پہنچے، دیکھا تو الماری کھلی ہوئی تھی اور الماری میں رکھی ہوئی ایک لاکھ روپیہ نقد پر ہاتھ صاف ہوچکا تھا۔
گھر کے ایک باتھ روم کی کھڑکی ٹوٹی ہوئی پائی گئی ہے، جس سے اندازہ لگایا گیا ہے کہ چور اسی کھڑکی کا استعمال کرتے ہوئے اندر داخل ہوئے ہوں گے۔
واردات کی اطلاع ملتے ہی بھٹکل ٹاون پی ایس آئی کُڈگُنٹی اپنے عملے کے ساتھ جائےوقوع پر پہنچے اور ضروری جانکاری حاصل کی۔
صدیقی مسجد سے متصل اس مکان پر چوری کی واردات پیش آنے پر مقامی عوام حیرت کا اظہار کررہے ہیں کیونکہ یہاں لوگوں کی چہل پہل کافی زیادہ رہتی ہے،مقامی لوگ شک کا اظہار کررہے ہیں کہ جان پہچان کے لوگوں نے ہی اس کارستانی کو انجام دیا ہوگا۔