ممبئی میں فرضی کورونا آرٹی-پی سی آر رپورٹ بنانے والا کیفے آپریٹر گرفتار
ممبئی، 26 اگست (آئی این ایس انڈیا) ممبئی پولیس نے ایک سائبر کیفے کے آپریٹر کو گرفتار کیا ہے جو پیسہ بنانے کیلئے لوگوں کو کورونا کی فرضی آر ٹی-پی سی آر رپورٹ بناتاتھا۔ ممبئی کرائم برانچ کو اطلاع ملی تھی کہ ایک شخص جنوبی ممبئی میں سائبر کیفے چلاتا ہے اور لوگوں سے پیسے لے کر ان کے لیے فرضی کورونا آر ٹی-پی سی آر رپورٹ تیار کرتا ہے۔کرائم برانچ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ یہ اطلاع ملتے ہی کرائم برانچ کے اہلکار فرضی گاہک بن کرگئے اور اس سے جعلی رپورٹ مانگی۔ اس کے بعد اس شخص نے بغیر کسی تفتیش کے آر ٹی پی سی آر کی رپورٹ نکالی اور اسے صرف دس منٹ میں دے دی۔ذرائع نے بتایا کہ ممبئی میں بہت سے لوگ ہیں جنہوں نے ویکسین کی دو خوراکیں نہیں لی۔ ٹرین میں سفر کرنے کے لیے کورونا آر ٹی-پی سی آر کی منفی رپورٹ یا ویکسین کی دونوں خوراکوں کا سرٹیفکیٹ ہونا چاہیے۔ اس وجہ سے لوگ اس شخص کو صرف سات سو روپے دے کر سفر کر رہے ہیں اور اپنے طور پر بنائی گئی رپورٹ حاصل کر رہے ہیں۔ سائبر کیفے کے آپریٹر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ساتھ ساتھ اس کا کمپیوٹر اور پرنٹر بھی ضبط کر لیا گیا ہے، جس سے تمام جعلی سرٹیفکیٹ بناکر اس کا پرنٹس نکالتا تھا۔