بیندور: ایس ایس ایل سی امتحان دینے والی طالبہ ہوئی کووِڈ کا شکار
بیندوریکم /جولائی (ایس او نیوز) بیندور تعلقہ کے اوپنّدا سے تعلق رکھنے والی ایس ایس ایل سی کی ایک طالبہ کو کورونا مرض لاحق ہوگیا ہے، جس کے بعد علاج کے لئے اس کو اسپتال میں منتقل کیاگیا۔
خیال رہے کہ اڈپی ضلع میں اس سے قبل ایس ایس ایل سی امتحان دینے والے دو طالب علموں کو یہ مرض لاحق ہوچکا ہے۔اور اس طالبہ کا نمبر تیسرا ہے۔ ڈی ڈی پی آئی کی جانب سے دی گئی معلومات کے مطابق اس طالبہ نے بیندور میں واقع امتحانی مرکز میں دو پرچوں کا امتحان دیا تھا۔ تیسرے پرچے سے قبل اس کی پیٹھ میں شدید درد شروع ہوا تو اس کی اطلاع پرنسپل کو دی گئی۔ پھر اس کے گلے سے تھوک کا نمونہ جانچ کے لئے بھیج دیا گیا جس کے بعد منگل کی شام کو اس کی رپوٹ کووِڈ پوزیٹیو آئی ہے۔
اس لڑکی کو کس ذریعے سے یہ مرض لاحق ہوا ہے ابھی اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس لڑکی کے پڑوس میں چند دن پہلے مہاراشٹرا کے کچھ لوگ رہائش پزیر تھے۔ امکان جتایا جارہا ہے کہ ان لوگوں کی وجہ سے یہ مرض لاحق ہوا ہوگا، مگر تحقیق کے بعد ہی وثوق کے ساتھ کوئی بات کہی جاسکے گی۔