بھٹکل 10/فروری (ایس او نیوز)بھٹکل تعلقہ کے 2 گرام پنچایتوں میں اراکین کے مستعفی ہوجانے سے ۲ سیٹیں خالی ہوگئی تھیں جس کے لئے اتوار کے دن بھٹکل تحصیلدار اور الیکشن آفیسروی پی کوٹرلّی کی قیادت میں ضمنی انتخابات منعقد کیے گئے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق انتخابی کارروائی پوری طرح پرامن رہی۔ گزشتہ چھ مہینے سے یہ دونشستیں خالی تھیں اور الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق انتخابی عمل انجام دیا گیا۔اس ضمنی ا نتخاب کے لئے تین پولنگ بوتھ آفیسرو ں کو نامزد کیا گیاتھا۔ صبح 7 بجے سے شام 5 بجے تک انتخابی کارروائی چلائی گئی۔تینوں پولنگ بوتھس میں سخت حفاظتی بندوبست کیا گیا تھا۔
دونشستیں جس پر ضمنی انتخاب کیا گیا اس میں ایک مٹھلّی گرام پنچایت کے بلال کھنڈ علاقے میں تھی جبکہ دوسری نشست شیرالی۔2 بیدرے کوڈ علاقے میں تھی۔ بلال کھنڈ کی نشست کے لئے سرکاری اردو ہائرپرائمری اسکول میں واقع بوتھ میں پولنگ کی گئی۔جہاں 57.66 فیصدپولنگ ہوئی۔جبکہ شیرالی میں دو پولنگ اسٹیشن بنائے گئے تھے۔ اس میں سے ایک بوتھ میں 38.84فیصد اور دوسرے بوتھ میں صرف 08.65 فیصد پولنگ ہوئی۔ اس طرح اوسطاً 21.42فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔شیرالی میں ضمنی الیکشن کے دوران مقامی ایم ایل اے سنیل نائک نے اپنی پوری فیمیلی کے ساتھ پولنگ بوتھ پہنچ کر ووٹ ڈالا۔
بھٹکل تحصیلدار نے بتایا ہے کہ اس ضمنی انتخاب کا نتیجہ 11فروری کو صبح 8بے ظاہر کیا جائے گا۔