برطانوی شاہی محل کا ہیری اور میگھن کے انٹرویو پر 'تشویش' کا اظہار

Source: S.O. News Service | Published on 10th March 2021, 7:23 PM | عالمی خبریں |

لندن، 10مارچ (آئی این ایس انڈیا) برطانوی شاہی محل نے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے حالیہ انٹرویو پر خاموشی توڑ دی ہے اور ایک بیان میں کہا ہے کہ شاہی خاندان کو اس انٹرویو پر 'تشویش' ہے اور ان مسائل پر نجی طور پر بات چیت کی جائے گی۔

برطانوی شاہی محل کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں ملکہ ایلزبتھ دوم کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پورے خاندان کو یہ جان کر انتہائی دکھ ہوا کہ ہیری اور میگھن کے لیے چند برس کافی دشوار کن تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہیری اور میگھن نے انٹرویو میں جن مسائل کو اٹھایا ہے، بالخصوص نسلی تعصب کے معاملے پر شاہی خاندان کو تشویش ہے جب کہ بعض معاملات پر مختلف رائے بھی ہو سکتی ہے۔ تاہم شاہی خاندان اسے سنجیدہ لیتے ہوئے نجی طور پر بات کرے گا۔

یاد رہے کہ ہیری اور میگھن نے شاہی زندگی سے گزشتہ برس علیحدگی اختیار کرنے کے بعد پہلی مرتبہ امریکی ٹی وی کی معروف میزبان اوپرا ونفری کو انٹرویو دیا تھا۔ انٹرویو میں ہیری اور میگھن نے شاہی خاندان سے شکوہ، شکایت اور تنقید بھی کی تھی۔

امریکی نشریاتی ادارے 'سی بی ایس' پر سات مارچ کو نشر ہونے والے اس انٹرویو کی گونج اب بھی دنیا کے مختلف حصوں میں سنائی دے رہی ہے۔

انٹرویو کے دوران میگھن کا کہنا تھا کہ شاہی محل میں اُن پر اتنا دباؤ تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی کے خاتمے تک کا سوچ لیا تھا۔

میگھن نے دعویٰ کیا تھا کہ جب وہ پہلی مرتبہ ماں بننے والی تھیں تو محل میں اس بارے میں تشویش پائی جاتی تھی کہ اُن کا بیٹا جب پیدا ہو گا تو اس کی رنگت کتنی سیاہ ہو گی۔

انٹرویو نشر کرنے والے امریکی نشریاتی ادارے 'سی بی ایس' کے مطابق شاہی جوڑے کے اس انٹرویو کو 17 ملکوں کے لگ بھگ پانچ کروڑ افراد نے دیکھا۔

ٹی وی کی عالمی ریٹنگ کمپنی نیلسن ہولڈنگ کے مطابق صرف امریکہ میں شاہی جوڑے کے انٹرویو کو ایک کروڑ 70 لاکھ سے زیادہ افراد نے دیکھا جب کہ برطانیہ میں انٹرویو دیکھنے والوں کی تعداد ایک کروڑ 33 لاکھ ہے۔

سی بی ایس ٹی وی کا کہنا ہے کہ دو گھنٹے پر مشتمل یہ انٹرویو جمعے کو دوبارہ رات آٹھ سے 10 بجے نشر کیا جائے گا۔

ہیری اور میگھن کے انٹرویو پر دنیا بھر سے مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔ بعض افراد کا کہنا ہے کہ شاہی محل پر عائد کردہ الزامات 'می ٹو' مہم اور 'بلیک لائیوز میٹر' موومنٹ کو تقویت بخشتے ہیں جب کہ دیگر نے شاہی جوڑے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہیری اور میگھن نے اُس وقت یہ الزامات لگائے جب اُن کے 99 سالہ دادا شہزادہ فلپ اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

ہیری نے اس انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ شاہی محل میں میگھن کے ساتھ جو سلوک ہوا اور ان کے اپنے خاندان کے ساتھ جس طرح کے تعلقات رہے، اُس کے اثرات دور رس ہیں۔

ہیری کا کہنا تھا کہ وہ شاہی زندگی میں محصور ہو کر رہ گئے تھے اور تنہا کبھی اس زندگی سے باہر نہیں نکل سکتے تھے۔ میگھن سے شادی نے شاہی خاندان کی زندگی پر پابندیوں کا راز اُن پر فاش کر دیا تھا۔

یاد رہے کہ ہیری اور میگھن کی شادی مئی 2018 میں ونڈسر کے شاہی محل میں ہوئی تھی اور ایک سال بعد اُن کے ہاں بیٹے آرچی کی ولادت ہوئی۔ بعد ازاں مارچ 2020 میں میگھن اور ہیری شاہی ذمہ داریوں سے دستبردار ہو گئے تھے۔

ایک نظر اس پر بھی

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔

ایران کا اسرائیلی جہاز پر قبضہ، جہازپر سوار 17 ہندوستانیوں کی رِہائی کے لئےکوششیں تیز؛ کیا ایران اپنے قونصل خانے پر حملے کا بدلہ لے گا ؟

 اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی  اور  آبنائے ہرمز کے قریب  اسرائیل پر ایرانی حملے کے بڑھتے  خدشات کے درمیان ایرانی فوج  نے  ایک اسرائیلی کارگو  جہاز پر قبضہ کر لیا  جس میں 17 ہندوستانی شہری بھی شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق  معاملہ سامنے آنے کے بعد  حکومت ہند ...