بھٹکل یکم ستمبر (ایس او نیوز) یہاں شرالی چتراپور میں ریلوے ٹریک کے قریب جھاڑیوں میں ایک شخص کی نعش پڑی ہوئی پائی گئی جس کی شناخت اُترپردیش کے شاہجہان پور کے رہنے والے مُکیش شیاملا (50) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ آج اتوار صبح متعلقہ علاقہ سے گذرنے والے لوگوں نے پٹری کے قریب نعش پڑی ہوئی دیکھ کر مرڈیشور پولس کو اطلاع دی اور پولس نے جائے وقوع پر پہنچ کر نعش کی تلاشی لی جس کی بنیاد پر اس کی شناخت ہوئی۔ فوجی شناختی کارڈ برآمد ہونے پر پتہ چلا کہ یہ پہلے فوج میں کام کرتے تھے،پولس نے متعلقہ فوجی ہیڈکوارٹر سے رابطہ کرتے ہوئے اس کے گھر کا پتہ معلوم کیا ، پھر متعلقہ پولس تھانہ میں خبر کرکے گھروالوں کو واقعے کی جانکاری دی گئی۔
پتہ چلا ہے کہ مُکیش پڑوسی ریاست کیرالہ کے کنّور سے دہلی جانے کے لئے منگلا ایکسپریس ٹرین پر سوار ہوئے تھے، یہ ٹرین سنیچر شب قریب 10:30 بجے بھٹکل سے گذری تھی، اس بنیاد پر اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ شخص رات 10:30 بجے ٹرین سے گرا ہوگا اور سر کو چوٹ لگنے کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوئی ہوگی۔
نعش فی الحال بھٹکل سرکاری اسپتال کے مردہ خانے میں رکھی گئی ہے، گھروالوں کے آنے کے بعد پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
مرڈیشور پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے، چھان بین جاری ہے۔