ہوناور:ماہی گیری کے دوران غرقاب ہونے والے نوجوان کی لاش برآمد۔تین مرتبہ موت کے منھ سے بچ نکلنے والا تنویر چوتھی بارکھا گیا شکست

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 18th August 2019, 11:54 AM | ساحلی خبریں |

ہوناور18/اگست (ایس او نیوز) سنیچر کے دن صبح کے وقت سمندر میں کشتی الٹ جانے سے ہوناور کاسرکوڈ کے پاوین کوروا سے تعلق رکھنے والا ماہی گیر نوجوان تنویر ایوب بڈے (30) جو ہفتہ صبح غرقاب ہوا تھا، اس کی لاش اتوار کی صبح کو سمندر کنارے سے برآمد ہوئی ہے۔ خیال رہے کہ چھوٹی کشتی پر ماہی گیری کے بعد واپس لوٹتے وقت سمندر میں اٹھنے والی اونچی لہروں کی وجہ سے تنویر اور اس کے ساتھی کے ساتھ یہ حادثہ پیش آیاتھا۔ تنویر کا ساتھی تیر کر کسی طرح دوسری کشتی تک پہنچ گیا تھا جبکہ تنویر سمندر میں تیر کر ساحل کی طرف پہنچنے کی کوشش میں لاپتہ ہوگیاتھا۔

 رات میں بھی ساحل پر نگرانی:    غرقاب ہونے والے تنویر کی تلاش سنیچر کی صبح سے ہی جاری تھی اور سیکڑوں مقامی افراد کے علاوہ پولیس اہلکار اور کوسٹ گارڈز سمندری لہروں اور ساحل پر اسے تلاش کررہے تھے۔سمندری کنارے پر کتوں کی ٹولیاں بڑی تعداد میں موجود ہونے کی وجہ سے لوگوں نے رات کو ساحل پر نظر بنائے رکھی تاکہ اگر تنویر کی لاش ساحل پر آجاتی ہے تو پھرکہیں کتے اس پر ٹوٹ نہ پڑیں۔اتوار کی صبح سمندری ساحل پر لاش برآمد ہونے کے بعد  پولیس نے اسے اپنی تحویل میں لے لیا اور ہوناور سرکاری اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے لئے روانہ کردیا۔

 تین بار زندگی کی جنگ جیت چکا تھا:    آج سمندر کی تیز لہروں کے ساتھ اپنی زندگی کی جنگ ہارنے والے تنویر کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ ماضی میں اس کے ساتھ خطرناک سڑک حادثات پیش آچکے تھے اور تین مرتبہ موت کو شکست دے کر زندگی کی جنگ جیتنے میں وہ کامیاب ہوا تھا۔ دو سال قبل اس کے ساتھ کمٹہ میں ایک ایسا سڑک حادثہ پیش آیا تھا جس کے بعداس کے رشتے داروں اور دوست احباب نے سمجھ لیا تھا کہ وہ موت کے منھ سے باہر نہیں نکلے گا۔ لیکن خوش قسمتی سے وہ اس حادثے میں بھی جان بچانے میں کامیاب ہوگیا تھا۔مگراسے خدا کی مشیت کہیں کہ اس مرتبہ سمندری موجوں کی شکل میں موت نے تنویر کو شکست دے دی۔     

 تین سال قبل ہی شادی ہوئی تھی:    معلوم ہوا ہے کہ تین سال قبل ہی تنویر کی شادی ہوئی تھی۔اہلیہ کے علاوہ اس کی ایک چھوٹی سی بچی بھی ہے۔گھر کی معاشی حالت اچھی نہ ہونے کی وجہ سے تنویر نے ماہی گیری کے ذریعے روزی روٹی کمانا شروع کیا تھا۔اپنی بیوی اور بچی کا پیٹ پالنے کی آس میں سمندری لہروں کے کندھوں پر سوار ہوکر ماہی گیری کرنے والے تنویر کو بالآخر سمندر نے ہی نگل لیا۔ لوگ  بڑی تشویش کے ساتھ کہہ رہے ہیں کہ اب تنویر کی بیوہ اور بیٹی کو بے کسی اور بے بسی کے سخت اور مشکل ترین حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ 

 شراوتی کا سنگم خطرناک ہے:    شراوتی ندی جہاں سمندر سے جاکر ملتی ہے وہ سنگم انتہائی خطرناک ہے۔ اکثر و بیشتر اس علاقے میں ماہی گیر کشتیوں کے الٹنے کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔امسال مانسون کے دوران سمندر میں ماہی گیری کے لئے جانے پر ضلع انتظامیہ نے جو پابندی لگائی تھی، وہ میعاد  پندرہ دن پہلے ختم ہوگئی تھی۔لیکن غیر معمولی موسلادھار برسات کی وجہ سے سمندر اور ندی دونوں میں ابال آیا ہوہے۔ اسی لئے عام طور پر پابندی ہٹنے کے بعد تیز رفتاری سے شروع ہونے والی ماہی گیری اس مرتبہ دکھائی نہیں دے رہی ہے۔

 پیٹ کی آگ نے زندگی کا چراغ گل کردیا:     سمندری اچھال کو دیکھتے ہوئے مشینی کشتیوں سے بڑے پیمانے پرماہی گیری کرنے والے ابھی بھی احتیاط برت رہے ہیں اور بڑے پیمانے پر مچھلیوں کے شکار کے لئے نکلنے سے پرہیز کررہے ہیں۔ ایسے میں چھوٹی کشتیوں سے سمندر میں جاکر بڑی مقدار میں مچھلیاں شکار کرنے اور زیادہ آمدنی کی امید نے چھوٹے پیمانے پر ماہی گیری کرنے کو اکسانا شروع کیا ہے۔ لہٰذا اوہ سمندر کی موجوں کے غضب کو نظر انداز کرتے ہوئے پیٹ کی آگ بجھانے کے لئے اپنی زندگیوں کو داؤ پر لگادیتے ہیں۔ ایسی ہی ایک کوشش نے بالآخر تنویر جیسے نوجوان کو زندگی سے ہی محروم کردیاہے اور اس کے اہل خانہ کو حسرت و یاس کے سمندر میں غرق کردیاہے۔ 

علاقہ میں ماتم ،صبر اور ہمت سے کام لینے کی تلقین:  تنویر کے سمندر میں غرقابی کی اطلاع کے ساتھ ہی پورے علاقے میں ماتم چھاگیا اور کثیر تعداد میں لوگ سمندر میں اس کی تلاش میں جُٹ گئے،  صبح نعش دستیاب ہونے کے بعد ہوناور سرکاری اسپتال میں پوسٹ مارٹم کیا گیا جبکہ صبح قریب گیارہ بجے نعش کو گھروالوں کے حوالے کیا گیا۔ اس موقع پر تنویر کا آخری دیدار کرنے اور گھروالوں کے ساتھ تعزیت کرنے  کثیر تعداد میں لوگ  جمع ہوگئے اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے  مغفرت کی دعائیں کیں، اس موقع پر جماعت المسلمین ناخدا محلہ ٹونکا (2) کے صدر جناب مُراد حسین قاضی، جناب ناصر سلیمان مُنّا سمیت کافی دیگر ذ مہ داران نے بھی گھر پہنچ کر  پسماندگان  کو صبر اور ہمت سے کام لینے کی تلقین کی اور نوجوان کے حق میں  مغفرت کی دعائیں کیں۔ جماعت المسلمین نے نوجوان ماہی گیر کی موت پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور عوام الناس سے بھی دعاوں کی درخواست کی ہے۔

 ذرائع نے بتایا کہ  مرحوم تنویر کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر ادا کی جائے گی اور قریبی قبرستان میں ہی ان کی تدفین عمل میں آئےگی۔

ایک نظر اس پر بھی

منگلورو سائی مندر کے پاس بی جے پی کی تشہیر - بھکتوں نے جتایا اعتراض

منگلورو کے اوروا میں چیلمبی سائی مندر کے پاس رام نومی کے موقع پر جب بی جے پی والوں نے پارلیمانی انتخاب کی تشہیر شروع کی تو وہاں پر موجود سیکڑوں بھکتوں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی جس کے بعد بی جے پی اور کانگریسی کارکنان کے علاوہ عام بھکتوں کے درمیان زبانی جھڑپ ہوئی