بی جے پی کیلئے قانونی عمل کے ذریعے الیکشن جیتنا ممکن نہیں ہے:دنیش گنڈوراؤ
بنگلورو،21؍نومبر(ایس او نیوز) آئی سی سی کے سکریٹری دنیش گنڈوراؤ نے سوال کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ ووٹر شناختی کارڈ گھوٹالے میں بومئی حکومت کا براہ راست کردار ہے۔ حکومت کے کردار کے بغیر کسی پرائیویٹ ادارے کے ملازمین بطوربی ایل او ووٹر کی معلومات کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟ بوتھ لیول آفیسر صرف سرکاری ملازمین تک محدود ہیں، پرائیویٹ کیلئے کوئی موقع نہیں۔ لیکن چلومے کے ملازمین بی ایل او افسر کیسے بن گئے۔
رکن اسمبلی دنیش گنڈوراؤ نے کہاکہ ووٹر شناختی کارڈ گھوٹالہ سامنے آنے کے بعد بی جے پی کس طرح الیکشن جیت رہی ہے، اس کی حقیقت سامنے آگئی ہے۔ اس بات کی کیا گارنٹی ہے کہ بی جے پی نے پچھلے ضمنی انتخابات میں بھی اس طرح کی غیر قانونی حرکتیں نہیں کیں؟ بی جے پی کے لیے قانونی عمل کے ذریعے الیکشن جیتنا ممکن نہیں ہے۔ بی جے پی کی الیکشن میں جیت آڑی ٹیڑی راہوں کاایک سنگم ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گزشتہ انتخابات کی تحقیقات کرائی جائیں۔بی بی ایم پی کے تحت تقریباً7لاکھ ووٹروں کے نام حذف کر دیئے گئے ہیں۔ خاص کر کانگریس پارٹی کے اثرورسوخ والے حلقوں میں بہت بڑی تعدادمیں ووٹرس کے نام حذف کردیئے گئے ہیں۔