کرناٹک میں آنے والے اسمبلی انتخابات کو لے کرتیاریاں شروع؛ پرمود متالک کے خلاف کارکلا میں بی جے پی اگرمخالفت کرتی ہے تو چکمگلورو میں سی ٹی روی کے خلاف کھڑا کیا جائے گا رام سینا کا اُمیدوار

اُڈپی 4 / فروری (ایس او نیوز) کرناٹک میں اسمبلی انتخابات مئی کے تیسرے ہفتہ میں ہونے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے، لیکن ابھی سے انتخابات کی گہماگہمی شروع ہوچکی ہے۔ ضلع اُڈپی کے کارکلا سے شری رام سینا کے چیف پرمود متالک نے آئندہ اسمبلی الیکشن میں میدان میں اترنے کا اعلان کیا ہے اور بی جے پی ایم ایل اے سنیل کمار کو شکست دینے کی بات کہی ہے ۔
اسی کے ساتھ رام سینا کے ضلع صدر اجیت شیٹی نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ اگر بی جے پی رام سینا کے ساتھ تعاون نہیں کرے گی اور پرمود متالک کے خلاف کارکلا میں اپنا امیدوار اتارے گی تو پھر چکمگلورو میں رام سینا بھی سی ٹی روی کے خلاف مقابلہ پر اترے گی ۔
کارکلا میں پرمود متالک اپنے ہی چیلے سنیل کمار کے خلاف میدان میں اترنے کا جو اعلان کیا ہے کہ اس سے ہندوتوا وادی ووٹ تقسیم ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔ اس سلسلے میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سنیل کمار نے کہا کہ ہماری پارٹی کی کیا پالیسی ہوگی اس تعلق سے دوسروں کو ہدایت دینے کی ضرورت نہیں ہے ۔ اس طرح مقابلے ہونے چاہئیں ۔ آخری فیصلہ ووٹروں کو ہی لینا ہوتا ہے ۔