رکن اسمبلی نے اپنے ترقیاتی فنڈ سے بھٹکل اور ہوناور سرکاری اسپتال کے لئے کیا آکسیجن سہولت والی دو ایمبولنس کا انتظام
بھٹکل 2 جون (ایس او نیوز) بھٹکل ۔ہوناور اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے سنیل نائک نے اپنے حلقہ کے دو تعلقہ اسپتالوں کے لئے آکسیجن والی سہولت کا انتظام کیا جس سے کووڈ کے اس وبائی دور میں عوام کو فوری طور پر ایمبولنس کی مدد سے اسپتال پہنچنے میں آسانی ہوگی۔
بھٹکل سرکاری اسپتال کی انچارج ڈاکٹر سویتا کامتھ کو ایمبولنس کی چابی سونپنے کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے رکن اسمبلی سنیل نائک نے بتایا کہ ہوناور اور بھٹکل سرکاری اسپتال کے لئے جو دو ایمبولینس انہوں نے فراہم کی ہے وہ ایم ایل اے ڈیولپمنٹ فنڈ سے خریدی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 20، 22 دن پہلے انہوں نے اپنی خود کے سرمائے سے ہوناور اور بھٹکل کے لئے ایک ایک ایمبولینس عطیہ کیا تھا، اب عنقریب ان کا منصوبہ شرالی اور منکی اسپتالوں کے لئے بھی ایمبولنس فراہم کرنے کا ہے۔
بھٹکل سرکاری اسپتال میں ایمبولنس کا افتتاح کرنے سے قبل دونوں ایمبولنس کو بھٹکل کے کڈوین کٹہ میں واقع مندر میں پوجا پاٹ کا پروگرام رکھا گیا تھا جہاں سے ایک ایمبولنس کو خود ایم ایل اے سنیل نائک نے ڈرائیو کرتے ہوئے بھٹکل سرکاری اسپتال لایا اور چابی اسپتال کی ذمہ دار ڈاکٹر سویتا کامتھ کے ہاتھ میں سونپ دی۔ اس موقع پر بھٹکل سرکاری اسپتال کے احاطے میں تمام نرسوں نے ایمبولنس کی آمد پر ایمبولنس پر پھول برساتے ہوئے ایم ایل اے کا پرتپاک استقبال کیا ۔
بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی سمیت اسپتال کے ڈاکٹرس اور دیگر عملہ بھی اس موقع پر موجود تھا جبکہ کاروار سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفسر ڈاکٹر شرد کمار بھی خصوصی طو ر پر تشریف لائے تھے۔