جموں و کشمیر انتخابات: ریاستی بی جے پی کے نائب صدر نے آزاد امیدوار کے طور پر انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا
جموں ، 11/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) جموں و کشمیر بی جے پی کے ریاستی نائب صدر پون کمار کھجوریا پارٹی کی جانب سے انہیں امیدوار نہ بنانے پر ناراض ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ آزاد امیدوار کے طور پر انتخابی دوڑ میں شامل ہوں گے۔ رپورٹ کے مطابق، کھجوریا بدھ کے روز ادھم پور ایسٹ سے آزاد امیدوار کے طور پر اپنا نامزدگی فارم داخل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
پون کمار کھجوریا نے بتایا، ’’میں ایک عام کارکن تھا لیکن بی جے پی نے ایسے امیدوار کو نامزد کیا جس نے حال ہی میں ختم ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی امیدوار کے خلاف کام کیا تھا۔‘‘
انہوں نے کہا کہ انہیں اسمبلی انتخابات میں امیدوار نہ بنائے جانے پر پارٹی کارکنوں میں کافی غصہ ہے۔ کارکنوں کی بڑی تعداد کہہ رہی ہے کہ وہ ایسے امیدوار کی حمایت نہیں کریں گے جس نے لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کے خلاف کام کیا ہو۔
پون کمار کھجوریا نے بتایا کہ کارکنوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اسمبلی الیکشن میں میری حمایت کریں گے، جس پر میں نے رضامندی ظاہر کی ہے۔ بدھ کو صبح 11 بجے وہ نند پیلس میں جمع ہوں گے اور ایک بہت بڑی ریلی نکالیں گے اور مشرقی ادھم پور سے اسمبلی انتخابات کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔
خیال رہے کہ ریاست جموں و کشمیر میں تین مرحلوں میں ووٹنگ ہوگی، پہلا مرحلہ 18 ستمبر، دوسرا مرحلہ 25 ستمبر اور آخری مرحلہ یکم اکتوبر کو ہوگا۔ تمام 90 سیٹوں کے نتائج 8 اکتوبر کو ایک ساتھ سامنے آئیں گے۔