کانگریس حکمرانی والی ریاستوں میں دلتوں پر مظالم کولے کر بی جے پی نے راہل اور پرینکا پرسادھا نشانہ
نئی دہلی،13 اکتوبر (آئی این ایس انڈیا) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے منگل کے روز راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا پر کانگریس کی حکمرانی والی ریاستوں میں دلتوں پر ہونے والے مظالم پر خاموشی اختیار کرنے پر سخت حملہ کیا۔راجستھان، مہاراشٹر اور جھارکھنڈ میں درج فہرست ذات کے افراد کے خلاف مظالم کے مبینہ واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے بی جے پی نے کہا کہ جو لوگ اپنے آپ کو دلت حقوق کے وکیل کے طور پر پیش کرتے ہیں وہ ایسے واقعات کو نظر انداز کر رہے ہیں۔یہاں پارٹی ہیڈ کوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا نے کہاکہ راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا دونوں خود کو دلت حقوق کے حامی سمجھتے ہیں لیکن وہ راجستھان اور دیگر ریاستوں میں دلتوں کے خلاف ہورہے مظالم پرخاموش کیوں ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں سیاسی سیاحت پر جانے والی مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈران لکھیم پور کھیری واقعہ کے تناظر میں کانگریس کے زیر اقتدار ریاستوں کا دورہ کیوں نہیں کرتے جب ان ریاستوں سے دلتوں کے خلاف مظالم کے واقعات رپورٹ ہوتے ہیں۔