بی جے پی نے کرناٹک کو بھکاری ریاست بنادیاہے: سدارامیا
بنگلورو،27؍اکتوبر(ایس او نیوز) سابق وزیراعلیٰ سدارامیا نے آج کہا کہ ریاستی بی جے پی یہ افواہ پھیلا رہی ہے کہ وزیراعلیٰ کے طور پر میری پانچ سالہ میعاد میں ریاست کی عوام کے کندھوں پر قرضہ کا بوجھ ڈالا گیا ہے۔ اعداد وشمارہ کا پتہ لگائیں تو پتہ چلے گا کہ ریاست کی عوام پر قرضہ کا بوجھ بی جے پی نے ڈالا ہے یا کانگریس نے لوگوں کو حقیقت سے آگاہ کرنا میرا فرض ہے۔
اپوزیشن لیڈر سدارامیا نے بی جے پی کے جھوٹے پروپگنڈہ کی یہ کہتے ہوئے دھجیاں اڑائی ہیں۔اس سلسلہ میں سدارامیا نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ بی جے پی اپنے لیڈروں کو دیش، دھرم اور سماج کو توڑنے کی تربیت دیتی ہے۔ انتظامیہ اور اقتدار کا سبق دینے والی بی جے پی سے ملک کی سلامتی اور ملک کی عوام کی فلاح و بہبودی کی امید نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے بتایا کہ سال برائے 2008-09 تا 2013-14 کے دوران کرناٹک میں بی جے پی اقتدار پر تھی۔ ان 5سالوں کے دوران قرضہ کا اوسط212فیصد سے زیادہ تھا جبکہ اس کے بعد 2013-14 تا 2018-19 ہماری حکومت کی میعاد کے دوران قرضہ کا اوسط صرف 65فیصد تھا۔
اس سے قبل ریاست کا مجموعی قرضہ94.1 فیصد تھا۔ بی جے پی نے خود اپنے بجٹ میں اعتراف کیا ہے کہ ریاست پرقرضہ کا بوجھ 53ہزار کروڑ روپئے ہے۔ اس وقت دن بہ دن قرصہ کی تعداد بڑھتی جائے گی۔