یوپی میں بی جےپی کو نئی پریشانی کا سامنا، کسان سرگرم۔ بھارتیہ کسان یونین نے سماجوادی -آر ایل ڈی اتحاد کی حمایت کا اعلان کیا

Source: S.O. News Service | Published on 17th January 2022, 11:16 AM | ملکی خبریں |

لکھنؤ، 17؍جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی) اتر پردیش میں کسی بھی صورت میں  دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کیلئے کوشاں بی جےپی  کے خلاف کسان سرگرم ہوگئے ہیں۔  ایم ایس پی پر کمیٹی کی تشکیل اور کسانوں پر عائد کئے گئے مقدمے واپس  نہ لینے کا وعدہ وفا نہ کرنے پر  سنیوکت کسان مورچہ   نےیکم فروری سے ’’مشن یوپی‘‘ کی شکل میں تحریک  دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے وہیں بھارتیہ کسان یونین  نے   اتر پردیش میں سماجوادی پارٹی اور آر ایل  ڈی  کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔    ایسے وقت میں  جب بی جےپی بغاوتوں سے پریشان ہے، کسان تنظیموں کے سرگرم ہوجانے سے پارٹی کی پریشانیاں مزید بڑھ جانے کا امکان ظاہر کیا جارہاہے۔ 

 بھارتیہ کسان یونین نے جو زرعی قوانین  کے خلاف سال بھر چلنے والی تحریک میں پیش پیش تھی، نے مغربی یوپی میں  سماجوادی پارٹی  اور آر ایل ڈی کے امیدواروں کی کھلی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اس اعلان سے جاٹ سماج کی اکثریت والے مغربی یوپی  جسے ’جاٹ لینڈ‘ کہا جاتا ہے، میں بی جےپی کو سنگین  نتائج کا سامنا کرنا پڑسکتاہے۔ بھارتیہ کسان یونین کے سربراہ نریش ٹکیت نے فروری میں ہونے والے اسمبلی الیکشن میں  نہ صرف سماجوادی اور آر ایل ڈی کے امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنانے کی اپیل کی ہے بلکہ سسولی میں کسان بھون میں دو امیدوارو کو تنظیم کے لیٹر ہیڈ پر حمایت کا مکتوب بھی سونپا۔ مغربی یوپی میں پہلے مرحلے میں ۱۰؍ فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ابھی جن دو امیدواروں کو حمایت کا مکتوب دیاگیاہے وہ بلڈھانہ سیٹ سے امیدوار راج پال  بالیان اور میراپور سے چندن چوہان ہیں۔ اس کے علاوہ تنظیم نے تھانہ بھون سے سماجوادی اتحاد کے امیدوار اشرف علی کی بھی حمایت کا اعلان کیا  ہے۔  اس موقع کسانوں کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’یہ ہمارے حقوق کا معاملہ ہے۔ ہمیں خطے میں اس اتحاد کے امیدواروں کی فتح کو یقینی بنانا ہے۔  جولوگ ان کی مخالفت کررہے ہیں،ان سے بات کریں اورسمجھائیں۔‘‘

  نریش ٹکیت کے اس اعلان نے کسانوں کی حمایت دوبارہ حاصل کرلینے کے بی جےپی کے خواب کو چکناچور کردیاہے۔ اسے امید تھی کہ عین الیکشن سے قبل زرعی قوانین کی منسوخی   کے اعلان کے بعدبی جےپی سے کسانوں کی ناراضگی کم ہوجائے گی مگر ایسا زمینی سطح پر ہوتا ہوا نظر نہیں آرہاہے۔ ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بھارتیہ کسان یونین نے ریاست کے دیگر علاقوں میں بھی کسانوں اور سماج کے دیگر طبقات کو بی جے پی کے خلاف  ووٹنگ کیلئے آمادہ کرنے کافیصلہ کیا ہے۔ 

 زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک کی روح کو زندہ رکھتے ہوئے راکیش ٹکیت نے ۲۱؍ جنوری سے لکھیم پور کھیری  کا ۲؍ سے ۳؍ دنوں کا دورہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔یہ اعلان اس لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے کہ یہاں کسانوں کو اپنی گاڑیوں سے کچلنے کے ملزم آشیش  مشرا  کے والداجے مشرا ٹینی کو مرکزی کابینہ سے ہٹایا نہیں گیاہے۔ بھارتیہ کسان یونین کے لیڈر راکیش ٹکیت نے اعلان کیا ہے کہ وہ لکھیم پور کھیری میں بہادر کسانوں   کے اہل خانہ سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان کے مطابق’’ ۲۱؍  جنوری سے  ہم لکھیم پورکھیری کادورہ کریں گے اور متاثرہ کسانوں  کے اہل خانہ سے ملیں گے۔ ہم صلاح و مشورہ کے بعد تحریک   کیلئے آگے کی حکمت عملی پر بھی غور وخوض کریں گے۔‘‘حکومت کو اس کی وعدہ خلافی یاد دلاتے ہوئے ٹکیت نے کہا ہے کہ ’’ہم نے ۱۱؍ دسمبر کو اپنی تحریک ملتوی کردی تھی۔ حکومت نے اب تک ہمارے مطالبات پر جواب نہیں دیا،۳۱؍ جنوری کو ہم پورے ملک میں حکومت کے  پُتلے جلائیں گے۔‘‘  

ایک نظر اس پر بھی

صحافی سومیا وشواناتھن کے قاتلوں کی ضمانت پر سپریم کورٹ کا نوٹس

سپریم کورٹ صحافی سومیا وشواناتھن قتل کیس میں 4 ملزمین کو ضمانت دینے کی جانچ کے لیے تیار ہے۔ عدالت نے چاروں قصورواروں اور دہلی پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے چار ہفتوں کے اندر جواب طلب کیا ہے۔ عدالت ایک عرضی پر سماعت کر رہی تھی جس میں دہلی ہائی کورٹ کی سزا کو معطل کرنے اور 4 ...

کیجریوال کے لیے جیل ٹارچر چیمبر بن گئی، نگرانی کی جا رہی ہے: سنجے سنگھ

عام آدمی پارٹی نے منگل کو الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جیل میں بند کیجریوال کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا لنک ڈھونڈ کر دیکھا جا رہا ہے اور ان کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا ایم پی سنجے سنگھ نے کہا کہ کیجریوال کے خلاف سازش ہو رہی ہے۔ کیجریوال کے ساتھ تہاڑ جیل میں کسی بھی ...

ہیمنت سورین کو راحت نہیں ملی، ای ڈی نے ضمانت عرضی پر جواب دینے کے لیے عدالت سے وقت مانگا

 زمین گھوٹالے میں جیل میں قید جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی طرف سے دائر ضمانت کی عرضی پر جواب دینے کے لیے ای ڈی نے ایک بار پھر عدالت سے اپنا موقف پیش کرنے اور وقت مانگا ہے۔ جیسے ہی سورین کی درخواست پر منگل کو پی ایم ایل اے کی خصوصی عدالت میں سماعت شروع ہوئی، ای ڈی نے ...

کجریوال کو ضمانت کی درخواست 75 ہزار جرمانہ کے ساتھ خارج

دہلی ہائی کورٹ نے پیر کے دن قانون کے ایک طالب ِ علم کی درخواست ِ مفادِ عامہ (پی آئی ایل) 75 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے خارج کردی جس میں چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کو ”غیرمعمولی عبوری ضمانت“ دینے کی گزارش کی گئی تھی۔

یوپی-بہار میں شدید گرمی کی لہر کی پیش گوئی، کئی ریاستوں میں بارش کا الرٹ

راہملک کی شمالی ریاستوں میں درجہ حرارت ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہا ہے۔ بڑھتی ہوئی گرمی کے باعث لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ تاہم کچھ ریاستوں میں بارش بھی ہو رہی ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کہا ہے کہ ہمالیائی مغربی بنگال، بہار، اوڈیشہ، آسام، مغربی ...