کنداپور میں بائک سوار سڑک حادثے میں ہلاک
کنداپور 2 ستمبر (ایس او نیوز) کنداپور تعلقہ کے تلور نیشنل ہائی وے 66 پر ہوئے ایک سڑک حادثہ میں بائک سوار کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی جس کی شناخت تلور کے رہنے والے سیتا رام شٹی (48) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ واردات بدھ کی شام قریب آٹھ بجے پیش آئی۔
ایک عینی شاہد نے فون پر اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ وہ بھی اسی راستے سے کنداپور سے بیندور کی طرف جارہا تھا، تلور ہائی وے پر اس نے دیکھا کہ ایک شخص بائک پر سے نیچے گرا ہوا ہے، اس نے بمشکل اپنی کار کو اس سے ٹکراتے ہوئے بچا۔ مگر پیچھے سے آنے والی مچھلی سے بھری منی لاری اس کو ٹکر مارنے سے بچنے کی ہرممکن کوشش کرنے کے باوجود بائک سوار پر چڑھ گئی اور بے قابو ہوتے ہوئے روڈ کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ جس کی وجہ سے بائک سوار کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔
بتایا جارہا ہے کہ تلور ہائی وے پر ایک لاری ریورس لینے کے دوران اس بائک سے پہلے ٹکراگئی تھی، جس سے بائک سوار روڈ پر گرپڑا تھا، وہ لاری بائک کو ٹکر مار کر فرار ہوگئی تھی، بائک سوار سیتارام جب روڈ پر گرا تو کنداپور سے بیندور کی طرف جانے والی مچھلی سے بھری منی لاری اس پر چڑٖھ گئی، جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔ خبر ملی ہے کہ پہلےٹکر مار کر فرار ہونے والی لاری کو بیندور میں پولس نے پکڑلیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ بائک سوار سیتارام شٹی تلور میں واقع اپنی دکان کے لئے مال لانے کے لئے کنداپور گیا تھا، مال لے کر واپس لوٹ رہا تھا، وہ اپنی دکان کے بالکل قریب پہنچ گیا تھا جب یہ حادثہ پیش آیا۔ اس کی دکان جائے وقوع سے بمشکل سو میٹر کی دوری پر تھی۔
کنداپور ٹریفک پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔