بہار میں مہاگٹھ بندھن حکومت کی تشکیل کل، نتیش-تیجسوی دونوں کی ہوگی حلف برداری

Source: S.O. News Service | Published on 9th August 2022, 10:43 PM | ملکی خبریں |

پٹنہ،9؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) بہار میں سیاسی ہلچل اپنے عروج پر ہے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے این ڈی اے سے اتحاد توڑ کر آر جے ڈی کے ساتھ ہاتھ ملا لیا ہے۔ انھوں نے گورنر پھاگو چوہان سے ملاقات کر 164 اراکین اسمبلی کی حمایت پر مبنی خط پیش کر دیا ہے اور حکومت سازی کا دعویٰ بھی کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ عہدہ سے اپنا استعفیٰ انھوں نے منگل کو گورنر کے حوالے کیا اور پھر آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو کے ساتھ راج بھون پہنچ کر نئی حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔ دونوں لیڈران ایک ہی کار میں بیٹھ کر راج بھون پہنچے۔ ان کے علاوہ جنتا دل یو لیڈر راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ، وجئے کمار چودھری، شرون کمار سمیت دیگر لیڈران بھی موجود تھے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق مہاگٹھ بندھن حکومت کی تشکیل کل پائے گی جب 2 بجے نتیش کمار بطور وزیر اعلیٰ اور تیجسوی یادو بطور نائب وزیر اعلیٰ عہدہ اور رازداری کا حلف لیں گے۔ ایسی بھی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ دونوں ہی پارٹیوں سے 18-18 وزیر بنائے جائیں گے، حالانکہ اس سلسلے میں تصدیق ابھی نہیں ہو سکی ہے۔ مہاگٹھ بندھن میں شامل دیگر پارٹیوں یعنی کانگریس، ہم، بایاں محاذ کی حکومت میں کس طرح شمولیت رہے گی، اس سلسلے میں بھی فی الحال کچھ صاف نہیں ہو سکا ہے۔

آج جب گورنر پھاگو چوہان کے سامنے حکومت تشکیل دینے کا دعویٰ پیش کرنے کے بعد نتیش کمار میڈیا سے مخاطب ہوئے تو انھوں نے کہا کہ ان کے پاس 164 اراکین اسمبلی کی حمایت موجود ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ اب سات پارٹی ایک ساتھ مل کر بہار کی ترقی کے لیے کام کریں گے اور بہار کی خدمت میں خود کو وقف کر دیں گے۔ جب ایک میڈیا اہلکار نے نتیش کمار سے پوچھا کہ کیا وہ آئندہ لوک سبھا انتخاب میں وزیر اعظم عہدہ کے امیدوار بنیں گے، تو اس کا جواب انھوں نے نہیں دیا اور مسکرا کر صرف اتنا کہا کہ ’’چھوڑیے یہ سب۔‘‘

بی جے پی کے ساتھ مل کر حکومت کرنے کے اپنے تجربات کا تذکرہ کرتے ہوئے نتیش کمار نے کہا کہ ’’جب میں بی جے پی کے ساتھ اتحاد میں حکومت کر رہا تھا تو ان کے لیڈران بہت ساری باتیں کہہ رہے تھے جو مجھے اچھی نہیں لگیں۔ اس لیے میں نے وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ دے دیا۔ اب ہم مہاگٹھ بندھن کی حکومت بنائیں گے اور ہمارے پاس 165 اراکین اسمبلی کی حمایت ہے۔ مہاگٹھ بندھن میں 7 پارٹیاں شامل ہیں، اس لیے ہم بہار میں سات پارٹیوں کی حمایت سے حکومت چلائیں گے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہم نے بہار میں نئی حکومت بنانے کے لیے گورنر پھاگو چوہان کے سامنے دعویٰ پیش کیا ہے۔ ہم نے ان کے سامنے 164 اراکین اسمبلی کی فہرست بھی سونپی ہے۔‘‘

دوسری طرف آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے بی جے پی پر زوردار حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی جہاں رہتی ہے، جس کے ساتھ رہتی ہے، اسے ختم کرنے میں لگی رہتی ہے۔ پنجاب دیکھیے، مہاراشٹر دیکھیے۔ پورے شمالی ہند میں اب بی جے پی کا کوئی بڑا ساتھی نہیں رہا۔ ملک میں انارکی کا ماحول بن رہا ہے، فرقہ واریت پھل پھول رہی ہے، سماجی انصاف متاثر ہو رہا ہے۔ معیشت دیکھ لیجیے، ملک کی سیکورٹی دیکھ لیجیے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’بہار نے ملک کو سمت دکھانے کا کام کیا ہے کہ جو عوام کے لیے لڑتا ہے، عوام اسے قبول کرتی ہے۔ عوام متبادل چاہتی ہے۔‘‘

تیجسوی یادو نے نتیش کمار کا مہاگٹھ بندھن کے ساتھ آنے پر شکریہ ادا کیا۔ پہلے کے بیانات، الزامات کے سلسلے میں پوچھے جانے پر انھوں نے کہا کہ ہم لوگ چچا-بھتیجا ہیں، ایک فیملی میں تھوڑی بہت لڑائی ہوتی رہتی ہے۔ انھوں نے نتیش کمار اور مہاگٹھ بندھن کے دیگر لیڈروں کے ساتھ راج بھون سے لوٹنے کے بعد کہا کہ ’’بی جے پی دراصل جنتا دل یو کے خلاف سازش کر رہی تھی اور نتیش کمار کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔ بی جے پی نے مہاراشٹر اور پنجاب میں بھی ایسا ہی کیا اور بہار میں جنتا دل یو کو ختم کرنے کے لیے ایسا ہی کر رہی تھی۔ انھوں نے بہادری والا فیصلہ لیا اور این ڈی اے کو چھوڑ دیا۔‘‘

ایک نظر اس پر بھی

منیش سسودیا کی عدالتی تحویل میں 26 اپریل تک کی توسیع

دہلی کی ایک عدالت نے جمعرات کو شراب پالیسی کے مبینہ گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ معاملہ میں عآپ کے لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی عدالت تحویل میں 26 اپریل تک توسیع کر دی۔ سسودیا کو عدالتی تحویل ختم ہونے پر راؤز ایوینیو کورٹ میں جج کاویری باویجا کے روبرو پیش کیا ...

وزیراعظم کا مقصد ریزرویشن ختم کرنا ہے: پرینکا گاندھی

کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے یہاں پارٹی کے امیدوار عمران مسعود کے حق میں بدھ کو انتخابی روڈ شوکرتے ہوئے بی جے پی کو جم کر نشانہ بنایا۔ بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے انہوں نے بدھ کو کہا کہ آئین تبدیل کرنے کی بات کرنے والے حقیقت میں ریزرویشن ختم کرنا چاہتے ...

مودی ہمیشہ ای وی ایم کے ذریعہ کامیاب ہوتے ہیں،تلنگانہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کا سنسنی خیز تبصرہ

تلنگانہ کے وزیراعلیٰ  ریونت ریڈی نے سنسنی خیز تبصرہ کرتے ہوئے کہا  ہے کہ ہر مرتبہ مودی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں( ای وی ایمس )کے ذریعہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرتے ہیں اور جب تک ای وی ایم کےذریعے انتخابات  کا سلسلہ بند نہیں کیا جائے گا،  بی جے پی نہیں ہار سکتی۔

لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلہ کے لئے گزٹ نوٹیفکیشن جاری

الیکشن کمیشن نے لوک سبھا انتخابات 2024 کے چوتھے مرحلہ کے لئے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ کمیشن کے مطابق انتخابات کے چوتھے مرحلہ میں 10 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 96 پارلیمانی سیٹوں پر انتخابات ہوں گے۔ اس مرحلہ کی تمام 96 سیٹوں پر 13 مئی کو ووٹنگ ہوگی۔ نوٹیفکیشن جاری ...

ملک کے مختلف حصوں میں جھلسا دینے والی گرمی، گزشتہ برس کے مقابلے اس سال گرمی زیادہ

   ملک کے مختلف حصوں میں گرمی کی شدت میں روزبروزاضافہ ہوتاجارہا ہے۔ بدھ کوملک کے مختلف حصوں میں شدید گرمی رہی ۔ اس دوران قومی محکمہ موسمیات کا کہنا  تھا کہ ملک کے کچھ حصوںمیں ایک ہفتے تک گرم لہریں چلیں گی ۔  بدھ کو د ن بھر ملک کی مختلف ریاستوں میں شدید گرم  لہر چلتی رہی  جبکہ ...