بہار: نالندہ میں تیز رفتار بائیک ٹکر کے نتیجے میں 4 نوجوان ہلاک، 2 شدید زخمی
نالندہ ، 13/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) بہار کے نالندہ میں ہفتہ کی رات ایک مہلک سڑک حادثہ پیش آیا۔ درگا پوجا کے موقع پر 6 بائک سوار میلے کی جانب نکلے تھے، لیکن آپس میں دونوں بائک کی شدید ٹکر ہو گئی، جس کے نتیجے میں 4 نوجوانوں کی جانیں چلی گئیں۔ یہ واقعہ سرمیرا تھانہ کے بڑھیا موڑ کے قریب پیش آیا۔ نوجوانوں کی ہلاکت کے بعد ان کے کنبے میں گہرے افسوس کا ماحول چھا گیا ہے۔
حادثہ کے بعد جائے وقوع سے گزر رہی پولیس نے سبھی کو علاج کے لیے بہار شریف کے صدر اسپتال میں داخل کرایا جہاں ڈاکٹروں نے 4 نوجوانوں کو مردہ قرار دے دیا۔ مہلوکین کی شناخت شیخ پورہ گاؤں کے دلیپ کمار کے 22 سالہ بیٹے راجن کمار، راج کمار کے 35 سالہ بیٹے ششی رنجن کمار، سرمیرا کے محی الدین پور کے باشندہ سنجے کیوٹ کے 24 سالہ بیٹے سونو کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ وہیں چوتھا مرنے والا سونو کمار کا دوست باس کمار ہے جو گیا کا رہنے والا ہے۔
زخمی ہوئے نوجوانوں میں ساگر کیوٹ کا بیٹا سورج اور روہن کیوٹ کا بیٹا راج ہنس شامل ہے۔ فی الحال ان دونوں کا علاج پاواپوری میڈیکل ہاسپیٹل ویمس میں کیا جا رہا ہے۔ ان دونوں کی بھی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔
واقعہ کے سلسلے میں بتایا جاتا ہے کہ سونو اپنے تین دیگر دوست کے ساتھ ایک بائک پر سوار ہوکر میلہ گھومنے نکلا تھا۔ آگے سے بائک پر دو لوگ سوار تھے جس سے سیدھی ٹکر ہو گئی اور اس کے بعد یہ بڑا واقعہ پیش آیا۔
سرمیرا تھانہ کی پولیس نے بتایا کہ پولیس گشتی میں تھی اسی دوران سڑک حادثہ پر نظر پڑی۔ سبھی کو علاج کے لیے لے جایا گیا لیکن تب تک 4 نوجوان کی موت ہو چکی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ تیز رفتار کی وجہ سے ہوئی زوردار ٹکر کے بعد دونوں بائک کے پرخچے اڑ چکے تھے۔
پولیس نے اس سلسلے میں سبھی کے اہل خانہ کو اس حادثہ کی اطلاع دی، جس کے بعد رشتہ دار صدر اسپتال پہنچے اور مہلوکین کی شناخت کی۔ لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد اسے اہل خانہ کو سونپ دیا گیا۔