بہار اسمبلی انتخاب کا اثر، پی ایم مودی نے 'کوسی مہاسیتو' سمیت 12 ریل منصوبوں کا کیا افتتاح

Source: S.O. News Service | Published on 18th September 2020, 10:18 PM | ملکی خبریں |

پٹنہ،18؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) بہار میں اسمبلی انتخابات جیسے جیسے نزدیک آ رہے ہیں، سیاسی پارٹیوں کی سرگرمیاں بھی تیز ہوتی جا رہی ہیں۔ اس درمیان پی ایم مودی نے آج تاریخی کوسی مہا سیتو سمیت مسافر سہولیات سے متعلق 12 ریل منصوبوں کا افتتاح کیا۔ کوسی مہاسیتو کا افتتاح اس وقت سب سے زیادہ اہم تصور کیا جا رہا ہے کیونکہ کوسی علاقہ کے لوگوں کا 86 سال پرانا خواب آج پورا ہو گیا ۔ پی ایم مودی نے جمعہ کو ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے تاریخی کوسی مہا سیتو سمیت مسافر سہولیات سے متعلق 12 ریل منصوبوں کا افتتاح کیا۔ ان منصوبوں میں کوسی مہاسیتو، کیول ندی پر نیا ریل پل، دو نئے ریل لائن منصوبے، پانچ بجلی کاری کے منصوبے، ایک الیکٹریک لوکوشیڈ اور ایک تیسرا ریل لائن منصوبہ شامل ہے۔

انگریزی دور حکومت میں سال 1887 میں سپول ضلع کے نرملی اور بھپٹیا کے مابین کوسی کی معاون تلیوگا ندی پر لگ بھگ 250 فٹ طویل میٹر گیج ریل پل کی تعمیر کی گئی تھی لیکن سال 1934 میں تباہ کن سیلاب اور زلرلہ میں یہ میٹر گیج ریل پل تباہ ہوگیا۔ اس کے بعد سال 2003-04 میں کوسی مہا سیتو نئے ریل لائن منصوبہ کو منظوری عطا کی گئی۔

کوسی ریل مہا سیتو کی کل لمبائی 1.9 کیلومیٹر ہے جس کی تعمیر پر کل 516 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔ ہند-نیپال سرحد کیلئے اسٹریٹیجک نقطہ نظر سے بھی یہ ریل مہا سیتو کافی اہم ہے۔ اس منصوبہ کو کووڈ-19وبا کے دوران ہی حتمی شکل دی گئی جس میں تارکین وطن مزدوروں کی بھی خدمات لی گئی۔ اس طرح بہار خاص کر کوسی علاقہ کے لوگوں کا 86 سالہ پرانا خواب پورا ہوگیا۔

وزیر اعظم مودی نے تاریخی کوسی ریل مہاسیتو قوم کو سپرد کرنے کے ساتھ ہی سہرسہ۔آسن پور کپہا ڈیمو ٹرین کا سپول اسٹیشن سے آغاز کیا۔ اس ٹرین سے سپول، ارریہ اور سہرسہ ضلع کے لوگوں کو کافی فائدہ ہوگا۔ ساتھ ہی اس علاقہ کے لوگوں کیلئے کولکاتا، دہلی اور ممبئی تک کی طویل مسافت کی ٹرینوں سے سفرکرنا کافی آسان ہوجائے گا۔ سہرسہ۔سرائے گڑھ۔ آسن پور کپہا ریل سیکشن کی کل لمبائی 64 کیلومیٹر ہے جس میں سہرسہ سے سپول 26 کیلو میٹر تک ٹرین کی آمدورفت جاری ہے۔ اب کوسی ریل مہا سیتو بن جانے کے بعد سپول سے آسن پور کپہا تک ٹرین آمد ورفت کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

اسی دوران وزیراعظم نے حاجی پور-گھوسوری-ویشالی (450 کروڑ روپے) اوراسلام پور- ٹیسر (409 کروڑ روپے) نیا ریل لائن منصوبہ اور کرنوتی-بختیار پور لنک بائی پاس اور بختیار پور-باڑھ کے مابین تیسری لائن پروجیکٹ (240 کروڑ روپے) بھی قوم کوسپرد کیا۔ ساتھ ہی مظفر پور-سیتامڑھی (65 کروڑ روپے )، کٹیہار-نیو جلپائی گوڑی (505 کروڑ روپے)، سمستی پور-دربھنگہ-جے نگر (390 کروڑ روپے)، سمستی پور-کھگڑیا (120 کروڑ روپے)، بھاگلپور-شیو نارائن پور (75 کروڑ روپے) برقی ریل سیکشن کو قوم کے سپرد اور اس پر الیکٹریکل انجن سے ٹرینوں کی آمد ورفت کی شروعات کی۔

اس موقع پر بہار کے گورنر پھاگو چوہان، وزیراعلیٰ نتیش کمار، ریل، کامرس اور صنعت کے وزیر پیوش گوئل، مرکزی وزیر خوراک اور عوامی نظام تقسیم رام ولاس پاسوان، مرکزی وزیر توانائی روی شنکر پرساد، مرکزی مویشی اور ماہی پروری کے وزیر گری راج سنگھ، مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیا نند رائے، خاتون اور اطفال فروغ کے مرکزی وزیر مملکت دیبا شری چودھری، نائب وزیراعلیٰ سشیل کمار مودی، وزیر توانائی بجیندر پرساد یادو، ایکسائز محکمہ کے وزیر ونود کمار سنگھ، پسماندہ اور انتہائی پسماندہ طبقہ فلاح کے وزیر گوتم دیو، مغربی بنگال کے وزیر سیاحت سمیت دیگر معزز شخصیات ویڈیو کانفرنسنگ سے منسلک تھے۔

ایک نظر اس پر بھی

مدھیہ پردیش اور مرکز کی بی جے پی حکومت خاتون، نوجوان اور کسان مخالف: جیتو پٹواری

 مدھیہ پردیش میں لوک سبھا انتخابات کی مہم زور پکڑ رہی ہے۔ کانگریس قائدین کی موجودگی میں شہڈول پارلیمانی حلقہ کے امیدوار پھندے لال مارکو اور منڈلا کے امیدوار اومکار سنگھ مرکام نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ اس موقع پر کانگریس لیڈروں نے کہا کہ ریاستی اور مرکزی حکومتیں ...

عدلیہ کی سالمیت کو خطرہ قرار دیتے ہوئے 600 وکلا کا چیف جسٹس آف انڈیا کو مکتوب

عدالتی سالمیت کے خطرے کے حوالے سے ہندوستان بھر کے ۶۰۰؍ وکلاء جن میں ایڈوکیٹ ہریش سالوے اور بار کونسل آف انڈیا کے چیئرمین منن کمار شامل ہیں نے چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچڈ کو مکتوب لکھا ہے۔ وکلاء نے ’’مفاد پرست گروہ‘‘ کی مذمت کی ہے جو عدالتی عمل میں ہیرا پھیری، عدالتی ...

ملک کی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کے پاس الیکشن لڑنے کے لیے پیسے نہیں!

ملک کے خزانے کا حساب و کتاب رکھنے والی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کے پاس الیکشن لڑنے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔ یہ انکشاف انہوں نے خود ہی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی صدر جے پی نڈا نے مجھ سے لوک سبھا الیکشن لڑنے کے بارے میں پوچھا تھا مگر انہوں نے انکار کر دیا کیونکہ ان کے پاس الیکشن ...

مہوا موئترا نے ای ڈی کے سمن کو کیا نظر انداز، کرشنا نگر میں چلائیں گی انتخابی مہم

 ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) لیڈر مہوا موئترا نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سمن کو نظر انداز کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج کرشنا نگر لوک سبھا حلقہ میں انتخابی مہم چلائیں گی۔ انہیں دہلی میں ای ڈی کے دفتر میں پوچھ گچھ کے لیے حاضر ہونے کو کہا گیا تھا۔

دہلی میں شدید گرمی، درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیس تک پہنچا

 دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ درج کیا جانے لگا ہے اور مارچ میں ہی گرمی نے اپنا زور دکھانا شروع کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو قومی راجدھانی میں رواں سال کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثنا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیس تک پہنچ ...