نوٹ بندی کو لے کر ملیکارجن کھڑگے نے کہا ؛ مودی نے نوٹ بندی کے بعد مانگے تھے پچاس دن لیکن آج سات سال ہوگئے

نئی دہلی 8/نومبر (ایس او نیوز) کانگریس صدر ملکا ارجن کھڑگے نے ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی جی نے نوٹ بندی کے بعد 50 دن مانگے تھے، لیکن آج 7 سال بیت چکے ہیں۔ نوٹ بندی سے ہندوستان کے لوگ بری طرح متاثر ہوئے، 8 نومبر کی اس بدقسمت رات کازخم ابھی تک نہیں بھر پایا اور لوگ اُس زخم کی بھرپائی کے لئے جوابات کی تلاش میں ہیں! کھرگے نے X پر ایک پوسٹ میں کہا کہ نوٹ بندی ہندوستان کی معیشت اور معاش پر سب سے بڑا حملہ تھا! ہندوستانی ابھی تک اس بے ہوش دیو ہیکل حملے کے زخم کو پال رہے ہیں اور اُس سے باہر نہیں نکل پائے ہیں۔
ملکا ارجن کھڑگے نے لکھا کہ عوام کو ابھی تک وہ چوراہا نہیں ملا لیکن مودی نے ملک کو چوراہے پر ضرور کھڑا کر دیا ہے۔ ایک طرف امیر، ارب پتی امیر میں تبدیل ہو گئے، تو دوسری طرف غریب ، غریب تر ہوتا جا رہا ہے۔کھڑگے نے لکھا کہ آج اُن 150 لوگوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا موقع ہے جنہوں نے نوٹ بندی کی پریشانیوں کے دوران اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ کھڑگے کے مطابق نوٹ بندی کے بعد جعلی نوٹوں میں مزید اضافہ ہی ہوا ہے۔